اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے سات مختلف کارروائیوں میں دو خواتین سمیت سات ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 92.450 کلوگرام منشیات برآمد کی گئیں، جن کی مالیت ایک کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد بتائی جا رہی ہے۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق، فیصل آباد کے جھنگ روڈ پر ایک یونیورسٹی کے قریب کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے 8.8 کلوگرام آئس برآمد ہوئی۔ گرفتار ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ تعلیمی اداروں کے طلباء کو منشیات فروخت کرتا تھا، جو طلباء کے مستقبل کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
کراچی میں ایک کوریئر آفس پر کی گئی کارروائی میں کوئٹہ سے آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے قالین میں جذب 17.750 کلوگرام آئس برآمد ہوئی، جب کہ پشاور رنگ روڈ پر واقع کوریئر آفس سے لاہور بھیجے جانے والے پارسل سے 7.2 کلوگرام چرس پکڑی گئی۔
پشاور کے کرنل شیر خان ٹول پلازہ کے قریب ایک گاڑی کی تلاشی کے دوران 16.8 کلوگرام چرس برآمد کی گئی اور دو ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ اٹک میں اقبال شہید ٹول پلازہ، جی ٹی روڈ کے قریب ایک رکشہ سے 5.5 کلوگرام چرس برآمد ہوئی اور دو مزید ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ اسی طرح، جی ٹی روڈ اٹک پر دو خواتین کے قبضے سے 2.4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی اور دونوں خواتین کو گرفتار کر لیا گیا۔
بلوچستان کے علاقے پنجگور، بونستان میں اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 36 کلوگرام چرس بھی برآمد کی گئی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور تعلیمی اداروں کے ماحول کو منشیات سے پاک رکھنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔
مزید پڑھیں: لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس، سابق گورنر عمران اسماعیل کے ورانٹ گرفتاری جاری