منگل,  22 جولائی 2025ء
فیصل آباد میں انسانیت سوز واقعہ – سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو نے عوام کو ہلا کر رکھ دیا

فیصل آباد (روشن پاکستان نیوز) – سوشل میڈیا پر ایک دل دہلا دینے والی ویڈیو تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس نے پورے معاشرے کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو افراد ایک شخص کو نہ صرف بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنا رہے ہیں بلکہ اس کے کپڑے اتار کر اُسے سرِ عام ذلت آمیز سلوک کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ یہ افسوسناک اور شرمناک واقعہ فیصل آباد بائی پاس کے قریب واقع اڈہ جاوید ٹرکوں والا، شیخوپورہ کے علاقے میں پیش آیا۔

یہ مناظر کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے ناقابلِ قبول ہیں۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے کے بعد عوامی سطح پر شدید غم و غصہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ لوگوں کی جانب سے سوالات اٹھائے جا رہے ہیں کہ کیا ہم واقعی ایک اسلامی اور انسان دوست معاشرے میں رہتے ہیں جہاں ایک شخص کو برہنہ کر کے مارا جائے اور اردگرد موجود لوگ تماشائی بنے رہیں؟ کیا ہماری معاشرتی اقدار اس حد تک زوال کا شکار ہو چکی ہیں کہ ظلم کو روکنے کے بجائے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈالنا ہی کافی سمجھا جاتا ہے؟

تاحال واقعے میں ملوث افراد کی شناخت سامنے نہیں آ سکی، تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ کسی ذاتی دشمنی یا مقامی تنازع کا نتیجہ ہو سکتا ہے۔

مزید پڑھیں: سینیٹ میں سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنانے کیلئے عمر کی حد مقرر کرنے کا بل پیش

اس واقعے کے بعد شہریوں میں بے چینی اور خوف کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سوشل میڈیا صارفین اور انسانی حقوق کے کارکنان کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ اس ظلم میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کر کے مثالی سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں کوئی اس طرح کے فعل کی جرات نہ کر سکے۔ شہریوں نے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسے واقعات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں اور اس واقعے کو محض ایک سوشل میڈیا ویڈیو سمجھ کر نظر انداز نہ کریں بلکہ اسے ایک اہم کیس کے طور پر لے کر مکمل تحقیقات کر کے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

اگر کسی کے پاس اس واقعے کے بارے میں مزید معلومات یا شواہد موجود ہیں تو فوری طور پر مقامی پولیس یا ہیلپ لائن پر اطلاع دی جائے تاکہ متاثرہ شخص کو انصاف مل سکے۔ روشن پاکستان نیوز اس واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ ریاست اور متعلقہ ادارے انصاف کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

مزید خبریں