منگل,  22 جولائی 2025ء
اے این ایف کا ملک بھر میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 مختلف کارروائیوں میں 7 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق، مجموعی طور پر 255.200 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی جن کی مالیت تقریباً 24 کروڑ 65 لاکھ روپے سے زائد ہے۔

علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کے کارگو شیڈ میں کینیڈا بھجوائے جانے والے ایک پارسل سے 300 گرام افیون برآمد کی گئی۔ فیصل بس ٹرمینل اسلام آباد کے قریب تین ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2.5 کلو ہیروئن، 2.4 کلو چرس اور 1 کلو آئس برآمد کی گئی۔

پشاور میں یونیورسٹی روڈ کے قریب ایک گاڑی سے 56 کلو چرس، مانسہرہ میں ٹول پلازہ روڈ کے قریب گاڑی سے 18 کلو چرس برآمد کی گئی جبکہ مظفر گڑھ کے علاقے گڑھ موڑ روڈ پر ایک ٹرک سے دو ملزمان کے قبضے سے 7 کلو آئس برآمد کی گئی۔

لورالائی میں ڈی جی خان روڈ کے قریب اسمگلنگ کے لیے چھپائی گئی 168 کلو ہیروئن بھی برآمد کی گئی۔

تمام گرفتار ملزمان کے خلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان اے این ایف کے مطابق، منشیات کے خلاف یہ کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں: ریحام خان کے نئی سیاسی جماعت کے اعلان پر تنقید کی بھرمار، سوشل میڈیا پر عمران خان کی شہرت استعمال کرنے کا الزام

مزید خبریں