جمعرات,  17 جولائی 2025ء
روات: غیرت کے نام پر خاتون کا قتل، شوہر اور دو بیٹے گرفتار

روات (روشن پاکستان نیوز) — روات پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چک بیلی خان روڈ کے گاؤں مندہال میں غیرت کے نام پر خاتون کے قتل میں ملوث شوہر اور دو بیٹوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ملزمان نے خاتون کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے بعد نعش کو چھپا دیا ہے۔ واقعہ کی سنگینی کے پیش نظر سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے فوری طور پر قانونی کارروائی اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تھے۔

روات پولیس نے اطلاع موصول ہونے پر فوری مقدمہ درج کیا اور تفتیش کا آغاز کرتے ہوئے مقتولہ کے شوہر اور دونوں بیٹوں کو حراست میں لے لیا۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے خاتون کو تشدد کر کے قتل کیا۔

ایس پی صدر نے مزید کہا کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کی بنیاد پر چالان مرتب کر کے عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ انہیں قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قتل جیسے سنگین جرائم میں ملوث افراد قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے اور پولیس ایسے کیسز میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد پولیس کی حراست میں ملزم کی ہلاکت، تھانہ ترنول کے 3 اہلکار گرفتار

روات پولیس کی بروقت کارروائی پر عوامی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

مزید خبریں