راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) – راولپنڈی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں اہم گرفتاریاں اور برآمدگیاں کی ہیں۔ ترجمان پولیس کے مطابق، ان کارروائیوں کا مقصد شہر میں امن و امان کی فضا کو قائم رکھنا اور شہریوں کو جرائم سے محفوظ بنانا ہے۔
ہنی ٹریپ گینگ گرفتار
ریس کورس پولیس نے ہنی ٹریپ کے ذریعے شہریوں کو بلیک میل کرنے والے دو رکنی گروہ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک جوڑے کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزمان شہریوں کو پھانس کر ویڈیوز بناتے اور بعدازاں بلیک میلنگ کے ذریعے بھاری رقوم وصول کرتے تھے۔ ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے کہا کہ ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت میں پیش کیا جائے گا تاکہ قانون کے مطابق سزا دلوائی جا سکے۔
پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن
سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر تین روزہ کریک ڈاؤن کے دوران شہر بھر سے 33 پیشہ ور گداگروں کو حراست میں لیا گیا۔ سی پی او کے مطابق، زیادہ تر گداگر چوری، منشیات فروشی اور دیگر جرائم میں بھی ملوث ہوتے ہیں۔ اس مہم کے لیے سپیشل سکواڈ تشکیل دے دیے گئے ہیں تاکہ اہم شاہراہوں اور عوامی مقامات پر گداگری کی روک تھام کی جا سکے۔
منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں
راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔
-
وارث خان پولیس نے 2 کلو 250 گرام چرس
-
روات پولیس نے 1 کلو 600 گرام چرس
-
صادق آباد پولیس نے دو افراد سے مجموعی طور پر 730 گرام چرس برآمد کر کے مقدمات درج کرلیے۔
شراب فروشوں کے خلاف آپریشن
راولپنڈی کے مختلف تھانوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے مجموعی طور پر 7 افراد کو گرفتار کیا گیا اور
-
50 لیٹر،
-
41 بوتل
-
اور 10 عدد کپی شراب برآمد کی گئی۔
پیرودہائی، روات، سٹی، بنی اور سول لائن پولیس نے ان کارروائیوں میں حصہ لیا۔
ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائی
راولپنڈی پولیس نے اسلحہ و ایمونیشن رکھنے والے 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔ یہ کارروائیاں تھانہ پیرودہائی، چکلالہ، مورگاہ، صدر واہ، گوجرخان اور چکری کے علاقوں میں عمل میں آئیں۔ ملزمان سے مختلف اقسام کا اسلحہ اور گولیاں برآمد کی گئیں۔