منگل,  15 جولائی 2025ء
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی کارروائی، غیر قانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال میں 2 ملزمان گرفتار

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) فیڈرل انوسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے غیر قانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزام میں دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار شدگان میں غلام محمد علی اور اخلاق احمد شامل ہیں۔

غلام محمد علی پی اے آر سی میں چئیرمین کے طور پر تعینات رہ چکے ہیں جبکہ اخلاق احمد پی اے آر سی میں ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ کے عہدے پر فائز تھے۔ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے پی اے آر سی کی 164 منظور شدہ آسامیوں پر 332 افراد کو غیر قانونی طریقے سے بھرتی کیا اور اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔

ایف آئی اے نے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے اور مقدمے میں ملوث دیگر افسران و اہلکاروں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔ ملزمان کو آج عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق اس کارروائی سے بدعنوانی کے خلاف ادارے کی عزم اور مؤثر اقدامات کا ثبوت ملتا ہے۔

مزید پڑھیں: نجی ٹی وی رپورٹر کی ٹریفک وارڈن سے بدتمیزی، سوشل میڈیا پر شدید ردعمل اور ضابطہ اخلاق کا مطالبہ

مزید خبریں