راولپنڈی (کرائم رپورٹر) – راولپنڈی پولیس کی جانب سے شہر بھر میں امن و امان برقرار رکھنے، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے اور عوامی شکایات پر فوری ردعمل یقینی بنانے کے سلسلے میں متعدد مؤثر اقدامات کیے گئے۔ پولیس نے مختلف تھانوں کی حدود میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے قابل ذکر نتائج حاصل کیے۔
تھانہ نیوٹاؤن میں پولیس اور صحافیوں کے درمیان واقعہ
گزشتہ رات تھانہ نیوٹاؤن میں پولیس اور صحافیوں کے مابین پیش آئے واقعہ پر آر پی او بابر سرفراز الپا نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی آر آئی بی کو انکوائری کا حکم دیا ہے۔ دونوں افسران واقعے کی غیر جانبدارانہ اور میرٹ پر تحقیقات کر کے رپورٹ پیش کریں گے۔ سی پی او کے حکم پر ڈیوٹی پر موجود محرر اور سنتری کو کلوز لائن کر دیا گیا جبکہ ایس ایچ او نیوٹاؤن کو انکوائری مکمل ہونے تک کام سے روک دیا گیا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ راولپنڈی پولیس اور صحافیوں کے درمیان مثالی تعلقات قائم ہیں۔
منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن
سی پی او کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کیں۔ روات پولیس نے 2 افغان باشندوں سمیت 4 کلو 150 گرام آئس برآمد کی۔ وارث خان پولیس نے 2 افراد سے 4 کلو 960 گرام چرس، جبکہ صدر واہ پولیس نے 2 افراد سے 2 کلو 200 گرام چرس برآمد کر کے الگ الگ مقدمات درج کیے۔
موٹر سائیکل چوری میں ملوث ملزم گرفتار
صدر واہ پولیس نے موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ملوث ملزم کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 9 مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کیے۔ گرفتار ملزم متعدد مقدمات میں ملوث اور ریکارڈ یافتہ ہے۔
بوگس کال کا ڈرامہ کرنے والا گرفتار
رتہ امرال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 15 ایمرجنسی ہیلپ لائن پر بوگس کال کر کے ڈکیتی کا جھوٹا واقعہ رپورٹ کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ کالر نے رقم اور موٹر سائیکل چھپا کر ڈکیتی کا ڈرامہ رچایا۔ پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔
مختلف مقدمات میں مطلوب اشتہاری گرفتار
وارث خان پولیس نے 2 اشتہاری جبکہ واہ کینٹ پولیس نے 3 اشتہاریوں کو گرفتار کیا۔ تمام اشتہاری راولپنڈی پولیس کو 2023 اور 2024 سے مطلوب تھے۔
شراب اور اسلحہ برآمد
بنی، رتہ امرال اور ٹیکسلا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کر کے 55 لیٹر شراب اور ناجائز اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کیا۔
منشیات مقدمے میں سزا
منشیات کے مقدمے میں معزز عدالت نے مجرم شہزاد خان کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ مجرم کو ستمبر 2024 میں 1 کلو 620 گرام چرس کے ساتھ گرفتار کیا گیا تھا۔ مؤثر تفتیش اور قانونی پیروی کے باعث عدالت نے قرار واقعی سزا سنائی۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی پولیس شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ عوامی تعاون کے بغیر پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں، شہری مشکوک سرگرمیوں کی فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی مؤثر کارروائیاں: قتل، منشیات، اشتہاریوں کی گرفتاری اور سیکیورٹی اقدامات میں نمایاں پیش رفت