راولپنڈی ( کرائم رپورٹر): تھانہ نیو ٹاؤن میں ایک صحافی کی جانب سے سگریٹ نوشی سے منع کیے جانے پر شدید ہنگامہ آرائی اور بدسلوکی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ ابتدائی اطلاعی رپورٹ کے مطابق، یہ واقعہ شام 7 بج کر 30 منٹ پر اس وقت پیش آیا جب ایک شخص، جس نے اپنا نام محمد نعیم منہاس ولد محمد اسلام بتایا، تھانے کے احاطے میں سگریٹ پیتے ہوئے محرر دفتر میں داخل ہوا۔
ڈیوٹی پر موجود محرر ہیڈ کانسٹیبل زاہد حسین (بیلٹ نمبر 6369) نے مذکورہ شخص کو تھانے میں سگریٹ نوشی سے منع کیا اور اس کو افسران بالا کی جانب سے جاری احکامات سے آگاہ کیا کہ تھانے جیسے عوامی مقام پر سگریٹ نوشی سختی سے منع ہے۔ اس تنبیہہ پر برہم ہو کر مذکورہ شخص نے نہ صرف تلخ کلامی کی بلکہ اپنے آپ کو صحافی ظاہر کرتے ہوئے دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔
رپورٹ کے مطابق، ملزم نے پولیس اہلکار کے ساتھ گالم گلوچ کی اور زاہد حسین کی سرکاری وردی پھاڑ دی۔ واقعے کے دوران ہیڈ کانسٹیبل نعمان عمر (192/HC)، محمد جان (1815/HC) اور دیگر اہلکاروں نے مداخلت کر کے صورتحال کو قابو میں کیا۔ ملزم نے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے کہا کہ “صحافی کو روکنے کا مزہ پورے تھانے کو چکھاؤں گا”۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی مؤثر کارروائیاں: قتل، منشیات، اشتہاریوں کی گرفتاری اور سیکیورٹی اقدامات میں نمایاں پیش رفت
مزید تفتیش سے معلوم ہوا کہ مذکورہ شخص اسلام آباد کے سیکٹر 10/1 میں مکان نمبر 1410 میں رہائش پذیر ہے۔ واقعے کے بعد پولیس نے ابتدائی رپورٹ درج کر لی ہے اور ملزم کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 186 اور 353 کے تحت مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
ایس ایچ او تھانہ نیو ٹاؤن کو واقعے سے فوری طور پر مطلع کیا گیا اور مقدمہ نمبر 2026/25 کو ای-رپورٹ نمبر 4872 کے تحت درج کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔