جمعرات,  10 جولائی 2025ء
راولپنڈی پولیس کی جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیاں، بینک ڈکیتی کی کوشش ناکام، منشیات فروش گرفتار، محرم سیکیورٹی مؤثر، زیادتی کیس میں ملزم گرفتار

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) – راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ نیو ٹاؤن کے علاقے میں پولیس نے فوری رسپانس دیتے ہوئے کروڑوں روپے کی بینک ڈکیتی کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور ایک ڈاکو کو گرفتار کر لیا گیا، جبکہ دیگر ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق تین ڈاکو اسلحہ سمیت بینک میں داخل ہوئے تھے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پولیس ہر لمحہ الرٹ ہے۔

دوسری جانب، وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن “ڈرگ فری پنجاب” کے تحت سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا، جس میں 4 افراد کو گرفتار کر کے 14 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئی۔ نصیرآباد، ٹیکسلا، گوجر خان اور چکری پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں۔ سی پی او نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

محرم الحرام کے سلسلے میں سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر بناتے ہوئے 11 محرم کا مرکزی جلوس فول پروف سیکیورٹی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ آر پی او بابر سرفراز الپا، کمشنر راولپنڈی عامر خٹک، سی پی او خالد ہمدانی اور دیگر اعلیٰ افسران فیلڈ میں موجود رہے۔ 2100 سے زائد پولیس اہلکار اور 200 سے زائد ٹریفک اہلکاروں نے سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے۔ 2000 سے زائد کیمروں کے ذریعے جلوس کی مانیٹرنگ کی گئی۔ سی پی او نے کہا کہ محرم کے دوران سیکیورٹی کے تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔

کلر سیداں پولیس نے ایک اور اہم کارروائی میں 14 سالہ لڑکے سے زیادتی اور نازیبا ویڈیو بنانے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ واقعہ کا مقدمہ چند روز قبل درج کیا گیا تھا۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کے مطابق ملزم کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان تیار کیا جا رہا ہے۔

علاوہ ازیں، تھانہ روات، صدر بیرونی اور دھمیال میں پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر کے شراب اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کے 11 محرم الحرام کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات، 2100 سے زائد اہلکار تعینات

پولیس لائنز ہیڈ کوارٹرز میں سی پی او سید خالد ہمدانی کی زیر صدارت کرائم میٹنگ منعقد ہوئی جس میں مختلف ڈویژن کے ایس پیز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ سی پی او نے افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ہدایات دیں کہ پیٹرولنگ، پکٹنگ اور جنرل ہولڈ اپ کے پلانز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ہاؤس رابری اور گاڑیوں کی چوری میں نمایاں کمی آئی ہے، جبکہ بینک ڈکیتی کی کال پر فوری رسپانس کامیاب رہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سرچ آپریشنز میں جرائم پیشہ عناصر، منشیات فروشوں اور سابقہ ریکارڈ یافتگان پر خصوصی توجہ دی جائے۔

راولپنڈی پولیس نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور قانون کی عملداری کے لیے بھرپور انداز میں سرگرم ہے۔

مزید خبریں