راولپنڈی(کرائم رپورٹر) محرم الحرام کے موقع پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے، جبکہ مختلف تھانوں کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں بھی عمل میں لائی گئیں۔
آٹھ محرم الحرام کا جلوس پُرامن اختتام پذیر
آٹھ محرم الحرام کو آر اے بازار کے علاقے میں مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قصر زینب پر پُرامن طور پر اختتام پذیر ہوا۔ ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار کے مطابق راولپنڈی پولیس نے بہترین سیکیورٹی انتظامات کیے۔ سینیئر افسران فیلڈ میں موجود رہے اور جلوس کی نگرانی کی۔ شرکاء کو مکمل باڈی سرچ کے بعد جلوس اور مجالس میں داخلے کی اجازت دی گئی۔ جلوس کے راستے میں آنے والی گلیاں، سڑکیں اور دیگر مقامات کو مکمل طور پر سیل کیا گیا جبکہ سیف سٹی کنٹرول روم سے جلوس کی مانیٹرنگ کی جاتی رہی۔
مزید پڑھیں: اسلام آباد میں 9ویں محرم کا مرکزی جلوس: سیکیورٹی انتظامات مکمل، ٹریفک پلان جاری
ڈکیتی و اسٹریٹ کرائم میں ملوث دو رکنی گینگ گرفتار
رتہ امرال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی اور سینچنگ کے مقدمات میں ملوث دو رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے چھینا گیا موٹر سائیکل، موبائل فونز اور ان کی فروخت سے حاصل شدہ پچاس ہزار روپے نقدی کے علاوہ اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔ ایس پی محمد حسیب راجہ کا کہنا تھا کہ گرفتار افراد کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔
سابقہ رنجش پر قتل کا مقدمہ، ملزم گرفتار
وارث خان پولیس نے ایک اور بڑی کارروائی کرتے ہوئے سابقہ رنجش پر شہری کو قتل کرنے والے شخص کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی فائرنگ سے ایک راہگیر خاتون بھی زخمی ہوئی تھیں۔ واقعہ کا مقدمہ چند روز قبل درج کیا گیا تھا، جس کے بعد ملزم روپوش ہوگیا تھا۔ پولیس نے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا ہے جبکہ اس کے ساتھی کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔
غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں
راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 4 افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کرلیا۔ کارروائیاں تھانہ پیرودہائی، وارث خان، صدر واہ اور دھمیال کے علاقوں میں عمل میں آئیں۔ ڈویژنل ایس پی کے مطابق ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔