گجرات(کرائم رپورٹر) گجرات کے علاقے فتخ پور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی مشروبات تیار کرنے والی فیکٹری کو سیل کر دیا۔ چھاپے کے دوران سینکڑوں تیار شدہ اور خالی بوتلیں، جعلی لیبلز، کیمیکل سے بھرے ڈرم، اور مشروبات تیار کرنے والی مشینری برآمد کر لی گئی۔
فوڈ اتھارٹی کے مطابق، فیکٹری میں غیر معیاری اور مضرِ صحت کیمیکلز سے معروف برانڈز کے نام پر جعلی کولڈ ڈرنکس تیار کی جا رہی تھیں، جنہیں بعد ازاں مارکیٹ میں فروخت کے لیے روانہ کیا جاتا تھا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جعلی مشروبات اسکولوں، چھوٹے دکانوں، اور دیہی علاقوں میں بڑی تعداد میں سپلائی کیے جا رہے تھے۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ فیکٹری میں صفائی کے ناقص انتظامات، انسانی صحت کے لیے مضر اجزاء کا استعمال، اور کسی بھی قسم کا لائسنس یا کوالٹی چیک موجود نہیں تھا۔ موقع سے برآمد کیے گئے مشروبات کے نمونے لیبارٹری بھجوا دیے گئے ہیں تاکہ ان میں شامل کیمیکلز کا تجزیہ کیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: 20 بچوں کی ہلاکت، مریم نواز کے حکم پر ایم ایس اور سی ای او ہیلتھ پاکپتن گرفتار
فیکٹری مالک کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ ملوث افراد کی تلاش جاری ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کھانے پینے کی اشیاء خریدتے وقت تصدیق شدہ برانڈز اور محفوظ ذرائع کا انتخاب کریں، اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع ہیلپ لائن 1223 پر دیں۔
فوڈ اتھارٹی کی اس کامیاب کارروائی کو شہریوں نے سراہا اور امید ظاہر کی کہ ایسے مافیا کے خلاف مسلسل آپریشن جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو محفوظ اور معیاری خوراک میسر آ سکے۔