هفته,  05 جولائی 2025ء
اسلام آباد میں صحافی کو حبس بے جا اور قتل کی دھمکیاں، سوسائٹی اکاونٹنٹ کے خلاف مقدمہ درج

اسلام آباد (کرائم رپورٹر): اسلام آباد کے تھانہ لوہی بھیر میں معروف صحافی محمود خان کی درخواست پر سوان گارڈن سوسائٹی کے اکاونٹنٹ منصور کے خلاف سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ایف آئی آر نمبر 559/25 کے مطابق، وقوعہ 4 جولائی کو دن 3:30 بجے تا 4:00 بجے کے درمیان سوان گارڈن کے سوسائٹی آفس میں پیش آیا، جہاں محمود خان اپنے ساتھی رپورٹر اشفاق تنولی کے ہمراہ صحافتی ذمہ داریوں کے سلسلے میں موجود تھے۔ ان کا مقصد ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کی جانب سے سوسائٹی انتظامیہ کے اختیارات اسسٹنٹ کمشنر رورل کو دیے جانے کے بعد مؤقف جاننا تھا۔

درخواست گزار کے مطابق، سوسائٹی کے اکاونٹنٹ منصور نے انہیں دفتر میں بند کر کے حبس بے جا میں رکھا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔ ملزم نے کہا: “تمہاری لاشوں کے ٹکڑے کر کے نالے میں پھینک دوں گا، بوری بند لاشیں ملیں گی۔” محمود خان کا کہنا تھا کہ جب انہوں نے بیورو چیف یاسر شہزاد سے منصور کی بات کروائی تو اس نے انہیں بھی گالیاں دیں اور قتل کی دھمکیاں دیں۔

موقع پر موجود چند نامعلوم افراد کی مداخلت سے صحافیوں کو دفتر سے باہر نکلنے کا موقع ملا، جس کے بعد وہ تھانہ لوہی بھیر پہنچے اور تحریری شکایت جمع کروائی۔ پولیس نے دفعہ 506 (سنگین دھمکیاں) اور 342 (حبس بے جا) کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: پولیس و انتظامیہ کی محرم، منشیات، کرائم اور بچوں کی ہلاکت کے واقعات پر بھرپور کارروائیاں

ایف آئی آر کے اندراج کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔ ایس آئی محمد رمضان نے مقدمہ رجسٹر کر کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

صحافی برادری نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ذمہ دار افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائیں تاکہ صحافیوں کو ان کے فرائض کی انجام دہی میں مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

مزید خبریں