راولپنڈی(کرائم رپورٹر) 7 اور 8 محرم الحرام کے موقع پر راولپنڈی میں نکالے جانے والے مرکزی جلوسوں کے لیے راولپنڈی پولیس، ضلعی انتظامیہ اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے بھرپور اور مؤثر سیکیورٹی انتظامات کیے۔ 7 محرم کا مرکزی جلوس سائیں محمد صادق (مرحوم) کی رہائش گاہ سے برآمد ہو کر روایتی راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پر اختتام پذیر ہوا، جبکہ 8 محرم کو آر اے بازار کے علاقے میں جلوس نکالا گیا۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق، ان جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے 3500 سے زائد پولیس افسران و اہلکاروں نے فرائض سرانجام دیے، جبکہ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 200 سے زائد اہلکاروں کو تعینات کیا گیا۔ محرم الحرام کے دوران مجموعی طور پر 8000 سے زائد اہلکار سیکیورٹی اور ٹریفک کنٹرول کی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔ سیکیورٹی انتظامات میں 1000 سے زائد رضاکاروں نے بھی پولیس کی معاونت کی۔
سی پی او سید خالد ہمدانی، آر پی او بابر سرفراز الپا، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار خود فیلڈ میں موجود رہ کر سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی کرتے رہے۔ جلوس کے تمام داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے تھے، جہاں شرکاء کی مکمل باڈی سرچ کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی۔
سیف سٹی راولپنڈی میں مرکزی کنٹرول روم قائم کیا گیا جہاں 2000 سے زائد کیمروں کی مدد سے جلوسوں کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی گئی۔ حساس مقامات پر ماہر نشانہ باز روف ٹاپ پر تعینات کیے گئے، جبکہ جلوس کے راستوں میں آنے والی گلیوں، سڑکوں اور دیگر راستوں کو مکمل طور پر سیل کیا گیا۔
سی پی او خالد ہمدانی نے واضح کیا کہ ضابطہ اخلاق اور حکومت پنجاب کی ہدایات پر سختی سے عمل درآمد کروایا جا رہا ہے، اور محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضا کو یقینی بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ آر پی او بابر سرفراز الپا اور دیگر افسران نے پولیس اہلکاروں کو ان کی بہترین کارکردگی پر شاباش دی اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
دوسری جانب، راولپنڈی پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھی کارروائیاں جاری رکھیں۔ تھانہ مورگاہ کے علاقے میں کرائم کنٹرول ٹیم پر فائرنگ کرنے والے کار لفٹر کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ دو ملزمان فرار ہو گئے۔ دیگر مختلف کارروائیوں میں انورٹر چوری کرنے والا ملازم گرفتار، سٹریٹ کرائم میں ملوث 6 رکنی گینگ بے نقاب، اور مختلف علاقوں سے ناجائز اسلحہ و منشیات برآمد کی گئیں۔
راولپنڈی پولیس ترجمان کے مطابق، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور جرائم پیشہ افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔