راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) — وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن “ڈرگ فری پنجاب” اور سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر راولپنڈی پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ مختلف تھانوں کی کارروائیوں کے دوران تین افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ساڑھے سات کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ کلر سیداں پولیس نے ایک شخص سے 3.5 کلوگرام، صادق آباد پولیس نے 2.6 کلوگرام، جبکہ نصیر آباد پولیس نے 1.52 کلوگرام چرس برآمد کی۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔ سی پی او راولپنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
ادھر راولپنڈی کی عدالتوں نے منشیات کے مختلف مقدمات میں ملزمان کو سخت سزائیں سنائیں۔ عدالت نے مجرم ثناء اللہ کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ اسے مندرہ پولیس نے ستمبر 2024 میں 1.73 کلوگرام چرس کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ اسی طرح عدالت نے دو دیگر مجرموں، سلیم خان اور بلال کو بھی 9، 9 سال قید اور 80، 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ صدر واہ پولیس نے دونوں ملزمان کو بھاری مقدار میں چرس برآمد ہونے پر گرفتار کیا تھا۔ سی پی او نے ان مقدمات میں بہترین تفتیش پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور لیگل ٹیموں کو شاباش دی۔
ادھر محرم الحرام کے پیش نظر راولپنڈی پولیس نے فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دیا ہے۔ ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور بتایا کہ محرم کے دوران 1796 مجالس اور 413 جلوسوں کو سیکیورٹی فراہم کی جائے گی، جس کے لیے 8000 سے زائد پولیس اور ٹریفک اہلکار تعینات ہوں گے۔ سیکیورٹی نگرانی سیف سٹی کیمروں سے کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔
ٹیکسلا پولیس نے غیرت کے نام پر بہن کو قتل کرنے والے ملزم اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے پسند کی شادی کرنے والی بہن کو فائرنگ کرکے قتل اور بہنوئی کو زخمی کیا تھا۔ سی پی او نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا، جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
مزید پڑھیں: مری مال روڈ پر خاتون کی پولیس اور ٹریفک اہلکار سے بدتمیزی کی ویڈیو وائرل، نشے میں ہونے کا شبہ
ادھر وارث خان پولیس نے چوری اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث دو رکنی گینگ کو گرفتار کر کے مسروقہ موٹر سائیکل اور نقدی برآمد کی۔ صادق آباد پولیس نے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر چار افراد کو سرچ آپریشن کے دوران گرفتار کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون شکنی پر کوئی رعایت نہیں دی جائے گی۔
راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے چھ افراد کو بھی گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا۔ کارروائیاں سٹی، صدر واہ، مندرہ، جاتلی، دھمیال اور کلر سیداں کے علاقوں میں کی گئیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن اور سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر کاروان امن واہ کینٹ پہنچا، جس میں مختلف مکاتب فکر کے علما اور اکابرین شامل تھے۔ اجلاس میں محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ علما کرام نے کہا کہ بھائی چارے، رواداری اور یگانگت کا پیغام دینے کے لیے سب متحد ہیں اور محرم میں مثالی امن قائم رکھنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اجلاس کے اختتام پر ملک و قوم کی سلامتی اور اتحاد و اتفاق کی دعا کی گئی۔