اتوار,  29 جون 2025ء
راولپنڈی پولیس کی مؤثر کارروائیاں: جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب آپریشنز، منشیات، چوری، جعلی وکالت، تشدد اور قمار بازی میں ملوث افراد گرفتار

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) — راولپنڈی پولیس نے گزشتہ چند دنوں کے دوران جرائم کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کی ان کارروائیوں میں چوری، منشیات فروشی، قمار بازی، خواتین پر تشدد، جعلی وکالت اور دیگر جرائم شامل تھے۔

صدر واہ پولیس نے وہیکلز چوری اور سٹریٹ کرائم میں ملوث 2 رکنی گینگ کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مسروقہ رکشہ، دو موٹر سائیکل، سپیئر پارٹس، چھینے گئے موبائل فونز کی فروخت سے حاصل شدہ 6 ہزار روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کر لیا۔
ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی کے مطابق ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔

پیرودھائی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اپنے چچا کے گھر سے طلائی زیورات چرانے والے دو افراد کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کے زیورات برآمد کر لیے۔ یہ چوری فیملی کی غیر موجودگی میں کی گئی تھی۔

صادق آباد پولیس نے لین دین کے تنازعے پر خاتون پر تشدد کرنے والے دو افراد کو گرفتار کیا۔ خاتون نے بیان دیا کہ ملزمان نے اس پر تشدد کر کے کپڑے پھاڑے۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

سول لائنز پولیس نے سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار کی مدعیت میں جعلی وکیلوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے دو نامزد افراد کو گرفتار کیا۔ ملزمان وکیلوں کا یونیفارم پہن کر خود کو وکیل ظاہر کرتے تھے اور سائلین کو جعلی کیسز میں لوٹتے تھے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی فلاحی اقدامات، سیکیورٹی انتظامات اور جرائم کے خلاف مؤثر کارروائیاں

پیرودھائی پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک لیڈی سپلائر کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 1 کلو 205 گرام ہیروئن برآمد کر لی۔ گرفتار خاتون تعلیمی اداروں سمیت مختلف علاقوں میں منشیات سپلائی کرتی تھی اور پہلے بھی مقدمات میں سزا یافتہ رہ چکی ہے۔

واہ کینٹ پولیس نے تاش کے پتوں پر جواء کھیلنے والے 60 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے داؤ پر لگی رقم 16,390 روپے، تین موبائل فونز اور تاش کے پتے برآمد کر لیے۔

تھانہ بنی پولیس نے تین افراد سے 18 لیٹر شراب اور کینٹ پولیس نے ایک شخص سے ناجائز اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر کے مقدمات درج کر لیے۔

مزید براں، راولپنڈی پولیس نے گرجا گھروں کی سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات کیے ہیں۔ 400 سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہیں، جبکہ سینئر افسران ڈیوٹی چیکنگ اور بریفنگ میں مصروف ہیں۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں