راولپنڈی (کرائم رپورٹر) – انسپکٹر جنرل پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایات پر پولیس فورس کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔ نیشنل پولیس فاؤنڈیشن اور ULEARN پرائیویٹ لمیٹڈ کے درمیان معاہدے کے تحت شہداء کے بچوں کو 100%، غازیوں کے بچوں کو 50% اور حاضر سروس پولیس اہلکاروں کے بچوں کو 25% فیس میں رعایت دی جائے گی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکاروں کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔
محرم الحرام سیکیورٹی انتظامات
محرم الحرام کے سلسلے میں راولپنڈی پولیس نے فول پروف سیکیورٹی اقدامات کیے ہیں۔ ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے 7 محرم کے جلوس کے روٹس کا جائزہ لیا اور بتایا کہ 7000 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر، ایس پی راول محمد حسیب راجہ اور دیگر افسران نے مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
مزید پڑھیں: تھانہ بنی گالہ پولیس کی بڑی کارروائی: گاڑیاں چھیننے والا منظم گروہ گرفتار
سی پی او سید خالد ہمدانی نے 10 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ اور جامعہ دارالعلوم تعلیم القرآن کا دورہ کیا اور علماء کرام سے ملاقات میں بین المسالک ہم آہنگی اور قیامِ امن پر زور دیا۔
پولیس کاروائیاں اور جرائم کے خلاف اقدامات
-
گوجرخان میں دوہرے قتل کا واقعہ: ملزم نے غیرت کے نام پر اپنی بیوی اور ایک مرد کو قتل کر دیا، ایک شخص کو حراست میں لے لیا گیا، تحقیقات جاری ہیں۔
-
روات میں پولیس مقابلہ: تین کار چھیننے والوں نے پولیس پر فائرنگ کی، جس میں ایک ملزم ہلاک جبکہ دو فرار ہو گئے، ہلاک ملزم آصف وہیکل چوری اور اغواء کے مقدمات میں مطلوب تھا۔ کانسٹیبل ثقلین فرحت بلٹ پروف جیکٹ کی بدولت محفوظ رہے۔
-
منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کاروائی: راولپنڈی پولیس نے دو الگ الگ مقدمات میں مجرمان شبیر احمد اور عامر شہزاد کو 9، 9 سال قید اور مجموعی طور پر 4 لاکھ روپے جرمانے کی سزا دلوائی۔
-
ناجائز اسلحہ و منشیات برآمدگی: مورگاہ، چکلالہ، سول لائنز اور ٹیکسلا پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے چرس، شراب اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا۔ پانچ افراد گرفتار کر کے مقدمات درج کر لیے گئے۔
خواتین و بچوں کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات
-
رتہ امرال: خاتون سے شادی کے جھانسے میں زیادتی کرنے والا شخص گرفتار۔
-
پیرودھائی: 13 سالہ لڑکے سے زیادتی کرنے والا شخص گرفتار، متاثرہ کا میڈیکل کروا لیا گیا، ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا۔