راولپنڈی پولیس کی ناقص کارکردگی، ڈکیتی کا ملزم حراست سے فرار، اصلاحات کا مطالبہ زور پکڑ گیا

راولپنڈی(شہزاد انور ملک) بنی پولیس کی پرائیویٹ گاڑی سے زیر حراست ڈاکو فرار ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم محمد ایاز، جو کہ ڈکیتی اور منشیات کے مقدمات میں گرفتار تھا، عدالت پیشی کے لیے کچہری جا رہا تھا کہ پنجاب ہاؤس کے سامنے ٹریفک جام کے باعث گاڑی رک گئی۔ اسی دوران ملزم نے اپنی ہتھکڑی سے ہاتھ نکال کر گاڑی کا دروازہ کھول کر فرار ہو گیا۔

پولیس نے فوری طور پر ملزم کی تلاش شروع کر دی اور قریبی نالہ اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا جبکہ علاقہ کی ناکہ بندی بھی کرائی گئی، مگر ملزم کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا جا سکا۔

واقعے کی تحقیقات کے لیے تھانہ سول لائن میں انسپکٹر طاہر کی مدعیت میں بنی کے اے ایس آئی طاہر سلطان اور کانسٹیبل عرفان عادل کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں اہلکاروں کی غفلت اور لاپرواہی کی وجہ سے ملزم پولیس کی حراست سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔

مزید پڑھیں: ڈیوٹی چھوڑ کر ٹک ٹاک پر مصروف پولیس اہلکار، وردی کا وقار داؤ پر لگ گیا

مزید خبریں