راولپنڈی: پولیس و انتظامیہ کی محرم، منشیات، کرائم اور بچوں کی ہلاکت کے واقعات پر بھرپور کارروائیاں

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) راولپنڈی میں ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی جانب سے محرم الحرام کے لیے سیکیورٹی اقدامات، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، سٹریٹ کرائم پر قابو پانے، اور بچوں کی پراسرار ہلاکت کے واقعے پر فوری ایکشن لیا گیا۔

محرم الحرام کے حوالے سے کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، سی پی او سید خالد ہمدانی، اور ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے شہر کے مختلف مقامات، امام بارگاہوں اور جلوسوں کے روٹس کا دورہ کیا۔ افسران نے انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں کو ہدایات جاری کرتے ہوئے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کی تاکید کی۔ سی پی او نے اعلان کیا کہ جلوسوں کی مانیٹرنگ سیف سٹی اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی اور کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے گا۔

دوسری جانب، وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن “ڈرگ فری پنجاب” کے تحت راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائی کی۔ سات افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے ساڑھے سات کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ صدر واہ، گوجرخان، بنی، کہوٹہ اور روات پولیس نے الگ الگ کارروائیاں کر کے مقدمات درج کیے۔

نیو ٹاؤن پولیس نے ایک اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک شہری کے گھر سے 31 لاکھ روپے مالیت کے مسروقہ زیورات برآمد کر کے چور کو گرفتار کیا۔ اسی طرح تھانہ بنی، وارث خان اور رتہ امرال پولیس نے سٹریٹ کرائم، موٹرسائیکل چوری، اور چیک ڈس آنر جیسے مقدمات میں ملوث مجرمان کو گرفتار کر لیا۔

مزید پڑھیں: راچڈیل: معروف شیل ریٹیلر کے بیٹے حسن ارشد حساس قومی راز چوری کرنے پر گرفتار، سات سال قید کی سزا

علاوہ ازیں، پیرودھائی، چکلالہ، ٹیکسلا، دھمیال اور نصیرآباد پولیس نے مختلف علاقوں سے 7 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے شراب اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا۔

ادھر، تھانہ بنی کے علاقے میں تین معصوم بچوں کی پر اسرار ہلاکت کے واقعے پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی راول اور ڈی ایس پی وارث خان کو موقع پر بھیجا۔ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ زہریلی شے کے استعمال کا نتیجہ ظاہر ہو رہا ہے۔ بچوں کی والدہ بھی متاثرہ ہیں اور زیر علاج ہیں۔ شواہد اکٹھے کیے جا چکے ہیں، جب کہ پوسٹ مارٹم کے بعد حتمی وجہ موت سامنے لائی جائے گی۔ واقعے پر قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے۔

راولپنڈی پولیس اور انتظامیہ کی ان بروقت اور مؤثر کارروائیوں کو عوامی حلقوں کی جانب سے سراہا جا رہا ہے، جبکہ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اسی عزم و جذبے سے شہر میں امن و امان کی فضا قائم رکھیں گے۔

مزید خبریں