راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) — راولپنڈی پولیس نے مختلف سنگین جرائم میں گرفتاریوں اور موثر کارروائیوں کے ذریعے امن و امان کو یقینی بنانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ اسی حوالے سے معزز عدالت نے اپنی بھابھی کو قتل کرنے والے مجرم محمد عامر کو سزاِ موت اور 5 لاکھ روپے ہرجانے کی سزا سنائی۔ واقعہ تھانہ ٹیکسلا میں اگست 2024 کو درج کیا گیا تھا، جس میں مجرم نے گھریلو جھگڑے کے دوران چھری کے وار کر کے اپنی بھابھی کو قتل کیا تھا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی انوسٹی گیشن اور تفتیشی و لیگل ٹیموں کو شاباش دی۔
اسی طرح، منشیات کے مقدمہ میں گرفتار ملزم محمد نعیم کو معزز عدالت نے 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ ملزم سے ایک کلو 720 گرام چرس برآمد ہوئی تھی، جس کے بعد پیرودھائی پولیس نے اپریل 2024 میں اسے گرفتار کیا تھا۔ سی پی او نے کہا کہ منشیات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
محرم الحرام کے حوالے سے راولپنڈی پولیس کی جانب سے بھرپور حفاظتی انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ کی زیر صدارت مختلف میٹنگز کا انعقاد ہوا جس میں ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، ڈی ایف سیز، امام بارگاہوں کے متولی اور جلوسوں کے بانیان نے شرکت کی۔ ایس پی نے ہدایت دی کہ جلوسوں کے راستوں پر گلیاں اور راستے سیل کیے جائیں گے اور داخلے کے وقت واک تھرو گیٹ اور مکمل باڈی سرچنگ لازمی ہوگی۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے ضابطہ اخلاق اور ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ امن و امان برقرار رکھا جا سکے۔
اسی سلسلے میں ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے آراے بازار کے جلوس روٹ کا دورہ کیا اور متعلقہ افسران کو ہدایات دیں کہ جلوس کو مقررہ راستے اور وقت کے مطابق چلایا جائے اور راستے سیل کیے جائیں۔
دوسری جانب، صدر بیرونی پولیس نے ذاتی رنجش پر اپنے دوست کو قتل کرنے والے اشتہاری کو گرفتار کر لیا ہے۔ اشتہاری نے عیادت کے بہانے گھر آ کر فائرنگ کی اور دوست کو قتل کر دیا تھا، جس کا مقدمہ اکتوبر 2024 میں درج تھا۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ قاتل کو عدالت میں سزا دلوانے کے لیے کارروائی جاری ہے۔
کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والے 12 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف بھی سخت کارروائیاں جاری ہیں۔ مورگاہ، دھمیال اور صادق آباد پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر کے مجموعی طور پر 2 کلو 710 گرام چرس برآمد کی ہے۔
شراب کے خلاف بھی سخت کارروائی جاری ہے، ٹیکسلا، پیرودھائی، بنی، آر اے بازار، روات اور واہ کینٹ پولیس نے مجموعی طور پر 125 لیٹر شراب ضبط کی اور متعدد افراد کو گرفتار کیا۔
ناجائز اسلحہ رکھنے والے سات افراد کو بھی گرفتار کر کے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کی گئی ہے۔ ڈویژنل ایس پیز نے کہا کہ ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں بلا روک ٹوک جاری رہیں گی۔
مزید پڑھیں: تہران میں موساد کی ڈرون بنانیوالی فیکٹری پکڑی گئی ، مزید 2 ایجنٹ گرفتار ، بارودی مواد ، دیگر آلات برآمد
محرم الحرام کے دوران راولپنڈی پولیس نے سیکورٹی انتظامات کو فول پروف بنانے کے لیے ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار کی زیر صدارت جلوس روٹس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایات دی کہ حکومت پنجاب کے احکامات اور ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
راولپنڈی پولیس کی جانب سے عوام کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی فضاء برقرار رکھنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے اور بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے گا۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ راولپنڈی میں محرم کا مہینہ امن و سکون کے ساتھ گزارا جا سکے۔