راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں، چور، ڈکیت، منشیات فروش اور ناجائز اسلحہ رکھنے والے متعدد افراد گرفتار

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد سنگین جرائم میں ملوث افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق چوری، ڈکیتی، منشیات، ناجائز اسلحہ اور اقدام قتل جیسے جرائم میں ملوث عناصر کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالتوں میں پیش کیا جا رہا ہے۔

کینٹ پولیس کی بڑی کارروائی: بین الاضلاعی جیب تراش گینگ گرفتار
کینٹ پولیس نے میٹرو اسٹیشن پر شہری کی جیب سے 9 لاکھ روپے چرانے والے 3 رکنی بین الاضلاعی گروہ کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے مختلف وارداتوں میں چرائی گئی کل رقم 10 لاکھ 28 ہزار روپے برآمد کی گئی۔ گرفتار افراد لاہور، فیصل آباد، ننکانہ صاحب اور شیخوپورہ میں چوری، ڈکیتی اور وہیکل تھیفٹ کی 100 سے زائد وارداتوں میں ملوث ہیں۔

رتہ امرال پولیس: ڈکیتی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار
رتہ امرال پولیس نے ڈکیتی کے مقدمات میں مطلوب 2 افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 3 موٹر سائیکل، 25 ہزار 300 روپے نقدی، موبائل فونز اور اسلحہ برآمد کیا۔ ایس پی راول کے مطابق ملزمان کو سخت شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔

وارث خان پولیس: اقدامِ قتل میں نامزد 3 افراد گرفتار
وارث خان پولیس نے لین دین کے تنازع پر فائرنگ، پسٹل کے بٹ اور ڈنڈوں کے وار سے تین شہریوں کو زخمی کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ واقعہ کا مقدمہ دو روز قبل درج ہوا تھا۔ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور ہیومن انٹیلیجنس کے ذریعے ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی۔ دیگر مفرور ساتھیوں کی گرفتاری بھی جلد متوقع ہے۔

گرجا گھروں کی سیکیورٹی کے لیے فول پروف انتظامات
راولپنڈی پولیس نے شہر بھر میں گرجا گھروں کی سیکیورٹی کے لیے سخت اقدامات کیے ہیں۔ 430 سے زائد پولیس اہلکار و افسران ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں، جب کہ ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور تھانوں کی موبائل ٹیمیں بھی مسلسل گشت کر رہی ہیں۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کے مطابق شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی: 4 گرفتار، بڑی مقدار میں منشیات برآمد
راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کر کے 2 کلو 600 گرام چرس اور 10 لیٹر شراب برآمد کی۔ آر اے بازار، مندرہ اور واہ کینٹ پولیس نے علیحدہ علیحدہ کارروائیاں کیں۔

ناجائز اسلحہ برآمد: 5 افراد گرفتار
راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے افراد کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا۔ کارروائیاں تھانہ نصیرآباد، رتہ امرال اور چکری کے علاقوں میں عمل میں لائی گئیں۔

ترجمان پولیس نے کہا کہ راولپنڈی پولیس جرائم کے خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ جرائم پیشہ افراد قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔

مزید پڑھیں: سندھ میں شاپنگ بیگز پر پابندی ، خلاف ورزی پر گرفتاریاں اور جرمانے ہوں گے

مزید خبریں