راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) – راولپنڈی پولیس کی جانب سے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مختلف تھانوں کی حدود میں مؤثر کارروائیاں جاری ہیں۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا جہاں شہریوں کی شکایات سن کر متعلقہ افسران کو بروقت کارروائی کے احکامات جاری کیے گئے۔ ایس ایس پی نے واضح کیا کہ شہریوں کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی اور تھانوں میں آنے والے شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آتے ہوئے ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
گنجمنڈی پولیس کی کارروائی
معمولی تلخ کلامی پر شہریوں کو چھری اور موٹر سائیکل کی وائر سے زخمی کرنے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ واقعہ کا مقدمہ چار روز قبل درج کیا گیا تھا۔ گنجمنڈی پولیس نے ہیومن انٹیلیجنس سمیت دیگر ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کیا۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ نے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
تھانہ سٹی پولیس کی کارروائی
چوری کے مقدمے میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے مسروقہ لیپ ٹاپ، موبائل فون، چارجر اور بیگ برآمد کر لیا گیا۔ ایس پی راول کے مطابق شہریوں کے قیمتی اثاثے چھیننے والے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
نیو ٹاؤن پولیس کی کارروائی
چیک ڈس آنر کے مقدمے میں سال 2022 سے مفرور اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اشتہاری مجرمان اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔
منشیات کے خلاف مہم
وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن “ڈرگ فری پنجاب” کے تحت راولپنڈی پولیس کی منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ٹیکسلا اور مندرہ پولیس نے دو ملزمان کو گرفتار کر کے ساڑھے تین کلوگرام چرس برآمد کر لی۔ دونوں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے۔
کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی
راول ڈویژن پولیس نے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر آٹھ افراد کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیاں تھانہ وارث خان اور پیرودھائی کے علاقوں میں کی گئیں۔ ایس پی راول کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے۔
شراب اور ناجائز اسلحہ کی برآمدگی
راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے سات افراد کو گرفتار کیا۔ بنی پولیس نے 15 لیٹر شراب برآمد کی جبکہ نصیرآباد، سول لائنز، چونترہ اور کہوٹہ پولیس نے مختلف ملزمان سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق عوام کی جان و مال کے تحفظ اور شہر کو جرائم سے پاک کرنے کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی کریک ڈاؤن مہم، غیر قانونی اسلحہ اور شراب برآمد، ملزمان گرفتار