راولپنڈی (کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان کارروائیوں میں ٹک ٹاک پر اسلحہ کی تشہیر، منشیات فروشی، چوری، قتل اور ناجائز اسلحہ رکھنے جیسے سنگین جرائم میں ملوث افراد کو حراست میں لیا گیا۔
سی سی ڈی اور مندرہ پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے ٹک ٹاک پر خطرناک اسلحہ کی نمائش کرنے والے دو افراد کو گرفتار کیا۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے کلاشنکوف، ایم 4 رائفل اور دیگر رائفلز سمیت 13 میگزینز، گولیاں اور دیگر اشیاء برآمد کی گئیں۔ سی پی او خالد ہمدانی نے واضح کیا کہ اسلحہ کی تشہیر ایک سنگین جرم ہے اور شہریوں کو خوف میں مبتلا کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
روات کے علاقے میں خاتون کے قتل کے واقعہ پر سی پی او نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کرلی۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق خاتون کو اس کے شوہر نے تیز دھار آلے سے قتل کیا۔ سی پی او نے ملزم کی فوری گرفتاری کا حکم دیا اور پولیس نے موقع سے شواہد اکٹھے کر کے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھجوا دیا۔
منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن میں مختلف تھانوں کی کارروائیوں کے دوران 6 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ نصیرآباد، پیرودھائی، ٹیکسلا، مندرہ اور ریس کورس پولیس نے مجموعی طور پر 7 کلو سے زائد چرس اور آئس برآمد کی۔ تھانہ ٹیکسلا پولیس نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کیا جو یونیورسٹی کے طلبا کو نشہ آور مواد فراہم کرتا تھا، ملزم سے 2 کلو کے قریب چرس، چاقو اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں۔
پیرودھائی پولیس نے موٹر سائیکل چوری اور نقب زنی میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 5 مسروقہ موٹر سائیکلیں اور چوری شدہ سامان کی فروخت سے حاصل شدہ رقم بھی برآمد کی۔
آر اے بازار پولیس نے ایک خاتون چور کو گرفتار کیا جو بازاروں میں خواتین کے پرس سے رقم چوری کرتی تھی، اس کے قبضے سے 17 ہزار روپے برآمد کیے گئے، جبکہ اس کی سہولت کار خواتین کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
راول ڈویژن پولیس نے مختلف علاقوں میں سنیپ چیکنگ کے دوران 3.175 کلو چرس، 15 لیٹر شراب اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کی جبکہ 4 عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا گیا۔ 19 بغیر نمبر پلیٹ موٹرسائیکلیں بند تھانوں میں کھڑی کی گئیں۔
راولپنڈی پولیس نے شراب فروشی کے خلاف بھی کارروائیاں کرتے ہوئے 7 افراد کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے 35 لیٹر شراب اور 22 بوتلیں برآمد کیں۔
ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے گنجمنڈی، آر اے بازار، گوجر خان اور مندرہ سے 7 افراد کو گرفتار کر کے ان سے اسلحہ اور گولیاں برآمد کیں۔
سی پی او سید خالد ہمدانی اور تمام ڈویژنل ایس پیز کا کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں جاری رہیں گی۔