راولپنڈی(کرائم رپورٹر) تھانہ روات کے علاقے میں کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ اور پولیس پارٹی پر کار سوار چار افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔ گرفتار ملزمان سے چوری شدہ گاڑی اور اسلحہ برآمد کیا گیا، جبکہ ایک فائر پولیس کانسٹیبل مدثر رشید کے بلٹ پروف جیکٹ پر لگا اور وہ محفوظ رہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کارروائی میں حصہ لینے والی پولیس ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال پر حملہ کرنے والے قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر سیکیورٹی پلان جاری
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر عیدالاضحیٰ کے موقع پر 8 مویشی منڈیوں میں سیکیورٹی اور ٹریفک کے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں، جن میں 250 سے زائد پولیس افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ منڈیاں بھاٹہ چوک، شریف اسپتال واہ کینٹ، ٹمبر مارکیٹ ٹیکسلا، چکری روڈ، منکیالہ پل، گلیانہ روڈ، ٹنگی روڈ اور منگال چوک پر قائم کی گئی ہیں۔
کرائم میٹنگز اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات
ایس پی راول محمد حسیب راجہ اور اے ایس پی گوجر خان سید دانیال حسن کی زیر صدارت کرائم میٹنگز ہوئیں جن میں سنگین مقدمات، اشتہاری ملزمان اور زیر تفتیش کیسز کی جلد یکسوئی کی ہدایت دی گئی۔ دونوں افسران نے تھانہ سطح پر شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کو اولین ترجیح قرار دیا۔
منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری
راولپنڈی پولیس کی مختلف کارروائیوں میں 4 افراد کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے 5.5 کلوگرام سے زائد منشیات برآمد کی گئیں۔ صدر واہ، وارث خان اور ٹیکسلا پولیس کی کارروائیوں میں ہیروئن اور چرس برآمد ہوئیں۔ سی پی او خالد ہمدانی نے کہا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔
عدالتی فیصلے: دو ملزمان کو منشیات کیسز میں 9 سال قید
راولپنڈی کی عدالت نے منشیات کے دو مقدمات میں ملزمان علی حسنین اور سکندر علی کو 9،9 سال قید اور 80،80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ دونوں ملزمان سے 1500 گرام سے زائد چرس برآمد ہوئی تھی۔ عدالت نے مؤثر شواہد اور پیروی پر پولیس کے مؤقف کی تائید کی۔ سی پی او نے تفتیشی و لیگل ٹیموں کو شاباش دی۔
مزید پڑھیں: ٹک ٹاکر ثنا یوسف کا قاتل فیصل آباد سے گرفتار
شراب فروشوں کے خلاف بھی کارروائی
راولپنڈی پولیس نے تین افراد کو گرفتار کر کے 37 لیٹر شراب برآمد کر لی۔ گوجرخان، مورگاہ اور ریس کورس پولیس نے الگ الگ مقدمات درج کیے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شراب کے ناسور کے خاتمے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔