بدھ,  23 اپریل 2025ء
راولپنڈی پولیس میں 119 کانسٹیبلز کی ترقی، بہترین کارکردگی پر افسران کی حوصلہ افزائی

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے وژن کے تحت راولپنڈی پولیس میں ترقیوں کا عمل جاری ہے۔ محکمانہ پروموشن پالیسی کے تحت 119 کانسٹیبلز کو ہیڈ کانسٹیبل کے عہدے پر ترقی دے دی گئی ہے، جن میں 2 لیڈی کانسٹیبلز بھی شامل ہیں۔

سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی، ایس ایس پی آپریشنز اور ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے ترقی پانے والے اہلکاروں کو پروموشن بیجز لگائے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ سی پی او نے کہا کہ ترقی کے ساتھ ساتھ ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے، امید ہے کہ تمام اہلکار مزید لگن اور دیانتداری سے فرائض انجام دیں گے۔

ترقی پانے والے اہلکاروں میں کانسٹیبل مروت وحید، خرم شہزاد، محمد زمرد، رستم خان، وقار حسین، رخسانہ بی بی، حنا محمود، اور دیگر شامل ہیں۔

تھانہ مندرہ کے افسران کی کارکردگی پر شاباش

سی پی او سید خالد ہمدانی نے تھانہ مندرہ کے افسران و جوانوں کو بہترین کارکردگی پر شاباش دی۔ اے ایس پی گوجر خان سرکل سید دانیال حسن کو تعریفی لیٹر جبکہ ایس ایچ او سب انسپکٹر مہر گل، سب انسپکٹر منظور شہزاد، اور دیگر اہلکاروں کو تعریفی اسناد دی گئیں۔

تھانہ نیوٹاؤن میں ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی صدارت میں اہم اجلاس

ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی زیر صدارت تھانہ نیوٹاؤن میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ایس پی راول، ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز، نارکوٹکس یونٹ کے تفتیشی افسران اور محرران نے شرکت کی۔ اجلاس میں زیرِ تفتیش مقدمات کی پراگریس کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے ہدایت کی کہ زیر تفتیش مقدمات کو جلد از جلد یکسو کیا جائے، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید مؤثر بنایا جائے، اور اشتہاری مجرمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیوں میں تیزی لائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کے حل اور انصاف کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: سابق ایس پی عارف شاہ کے کزن اور وکلاء کی صحافی پر تشدد، اسلام آباد کرائم اینڈ کورٹس رپورٹرز ایسوسی ایشن کی شدید مذمت

مزید خبریں