بدھ,  23 اپریل 2025ء
راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن، درجنوں گرفتاریاں، اسلحہ، منشیات، مسروقہ سامان برآمد

راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) راولپنڈی پولیس نے سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر مختلف علاقوں میں کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کر دیا۔ پولیس نے منشیات، شراب، اسلحہ، چوری، ڈکیتی، اور اشتہاری مجرمان سمیت متعدد جرائم میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری مقدار میں منشیات، اسلحہ، مسروقہ موٹر سائیکلز، زیورات اور نقدی برآمد کر لی۔

گھریلو ملازمہ سے 15 لاکھ کے زیورات برآمد
چکلالہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک گھر سے طلائی زیورات چرانے والی گھریلو ملازمہ ماہین کو گرفتار کر لیا۔ ملزمہ کے قبضے سے 15 لاکھ روپے مالیت کے زیورات، جن میں 4 چوڑیاں اور 2 انگوٹھیاں شامل تھیں، برآمد کیے گئے۔

چوری اور موٹر سائیکل گینگز گرفتار
صدر واہ، تھانہ سٹی، آر اے بازار اور دیگر علاقوں میں کارروائیوں کے دوران متعدد چور اور گینگ کے افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان ملزمان کے قبضے سے 20 سے زائد موٹر سائیکل، ایل ای ڈیز، بیٹریز اور ہزاروں روپے نقدی برآمد ہوئی۔ گرفتار ہونے والوں میں محمد امین، کاشف، حمزہ، جہانزیب، نعیم، عمر، ازران شامل ہیں۔

منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی، 9 گرفتار
پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 7 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی۔ گرفتار ہونے والے ملزمان میں عادل، احمد شیراز، ارسلان، عمیر، اشتیاق، شیر علی، امتیاز، ظریف اور شاہنواز شامل ہیں۔

شراب فروشوں پر چھاپے، 3 گرفتار
دھمیال، وارث خان اور ٹیکسلا پولیس نے شراب فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 3 ملزمان سے 43 بوتل اور لیٹر شراب برآمد کی۔

ناجائز اسلحہ برآمد، 10 ملزمان گرفتار
راولپنڈی کے مختلف تھانوں نے کارروائی کرتے ہوئے 10 افراد سے ناجائز اسلحہ، پستول، رائفل اور ایمونیشن برآمد کر کے مقدمات درج کر لیے۔

اشتہاری مجرم گرفتار
رابری، دھوکہ دہی اور امانت میں خیانت کے مقدمات میں مطلوب چار اشتہاری مجرموں کو بھی گرفتار کر لیا گیا جن میں زبیر، علی شیر، عثمان اور راشد اختر شامل ہیں۔

ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی اور دیگر ڈویژنل ایس پیز کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالتوں میں پیش کر کے سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی گرفتاری کو ڈیڑھ سال گزر چکا ، جسمانی ریمانڈ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ، سپریم کورٹ

راولپنڈی پولیس کی موثر پولیسنگ،معزز عدالتوں نے 3 منشیات سپلائرز کو سزائیں سنا دیں،مجرمان کو مجموعی طور پر 27 سال قید اور 2 لاکھ 40 ہزار روپے جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق معززعدالت نے مجرم سلیم خان کو 9 سال قید اور 80 ہزار  روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی،مجرم سے 1620 گرام چرس برآمد ہونے پر تھانہ ٹیکسلا پولیس نے اگست 2024 میں گرفتار کیا تھا، مجرم عمر خالد کو  9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی،مجرم سے 1520 گرام چرس برآمد ہونے پرتھانہ صدر واہ پولیس نے اکتوبر 2023 میں گرفتار کیا تھا، مجرم کامران کو  9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی،مجرم سے 1365 گرام چرس برآمد ہونے پرتھانہ دھمیال پولیس نے اکتوبر 2024 میں گرفتار کیا تھا، ٹھوس شواہد اور موثر پیروی کے پیش نظر معزز عدالتوں نے مجرمان کو قرار واقعی سزائیں سنائیں، سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور تفتیشی و لیگل ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں