اتوار,  20 اپریل 2025ء
راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں، متعدد ملزمان گرفتار، لاکھوں مالیت کی مسروقہ اشیاء، منشیات، اسلحہ اور شراب برآمد

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) – راولپنڈی پولیس کی جرائم کے مختلف واقعات میں موثر کارروائیاں جاری ہیں۔ چوری، منشیات، قمار بازی، ناجائز اسلحہ اور دیگر مقدمات میں ملوث متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ مختلف تھانوں کی کارکردگی درج ذیل ہے:

صادق آباد پولیس نے شہری کے گھر سے چوری کرنے والے ملزم مبشر کو گرفتار کر کے 18 لاکھ 70 ہزار روپے نقدی، لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ برآمد کر لیے۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ نے ٹیم کو شاباش دی اور مقدمے میں مؤثر پیروی کی ہدایت کی۔

روات کے علاقہ میں خاتون کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی صدر سے رپورٹ طلب کر کے ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا۔ مقتولہ زمین کے لین دین کے سلسلے میں ملزمان سے ملی تھیں، جنہوں نے چک بیلی روڈ پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔

مندرہ پولیس نے گاڑی چوری کی واردات میں ملوث دو ملزمان فیاض اور حسن کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کی مسروقہ مہران کار برآمد کی۔

رتہ امرال پولیس کی مقدمے میں معزز عدالت نے منشیات سپلائر اسداللہ کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ اس سے 1400 گرام چرس برآمد ہوئی تھی۔

راولپنڈی پولیس نے ایسٹر کے موقع پر 2500 سے زائد افسران کی ڈیوٹی لگا کر مؤثر سیکیورٹی و ٹریفک پلان ترتیب دیا۔ ٹریفک کی روانی کے لیے 150 سے زائد ٹریفک افسران تعینات کیے گئے۔

راولپنڈی پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ ملزمان سے 6 کلو سے زائد چرس برآمد کی۔ کینٹ، مندرہ، وارث خان، نصیر آباد اور گوجر خان پولیس نے کامیاب کارروائیاں کیں۔

روات پولیس نے مرغوں کی لڑائی پر جوا کھیلنے والے پانچ افراد کو گرفتار کر کے 1 لاکھ 94 ہزار 500 روپے، 6 موبائل فون اور 2 مرغے قبضے میں لیے۔

بنی پولیس نے موٹرسائیکل چوری کے مقدمات میں ملوث ملزم سبحان کو گرفتار کر کے دو موٹرسائیکل برآمد کیے۔

نصیر آباد پولیس نے مختلف مقدمات میں مطلوب 3 اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرلیا جن میں آصف، عثمان اور جمیل شامل ہیں۔

راولپنڈی پولیس کی ناجائز اسلحہ اور شراب فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ نیوٹاؤن، واہ کینٹ، کینٹ اور بنی پولیس نے پانچ ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ اور شراب برآمد کی۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی منظم کارروائیاں: منشیات فروش، چور، بائیک لفٹرز اور اسلحہ بردار افراد گرفتار

سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ راولپنڈی پولیس جرائم کے خاتمے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ پولیس ترجمان نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوراً متعلقہ تھانے یا ہیلپ لائن پر دیں۔

مزید خبریں