منگل,  15 اپریل 2025ء
راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ افراد کیخلاف مختلف کارروائیاں، ملزمان گرفتار، منشیات و اسلحہ برآمد

راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان کو گرفتار کر لیا، جن سے منشیات، اسلحہ اور چوری شدہ اشیاء برآمد ہوئیں۔

پہلا واقعہ: تھانہ کینٹ میں فائرنگ کا واقعہ تھانہ کینٹ کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار تین ملزمان کی پولیس پارٹی پر فائرنگ کی۔ پولیس نے ملزمان کا پیچھا کیا اور ایک موٹر سائیکل لفٹر کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ملزم کی شناخت زبیر خان عرف گورا کے نام سے ہوئی، جس کے قبضے سے چوری شدہ موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد ہوا۔ واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے سرچنگ شروع کر دی گئی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے پولیس کی کارروائی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قانون کی گرفت سے کوئی نہیں بچ سکتا۔

دوسرا واقعہ: فاسٹ فوڈ چین میں ہنگامہ آرائی تھانہ کینٹ کی حدود میں ایک فاسٹ فوڈ چین کی برانچ میں 10 سے 12 افراد ڈنڈے لے کر داخل ہوئے اور گالم گلوچ کی۔ ملزمان نے برانچ میں بیٹھے شہریوں کے ساتھ بھی بدتمیزی کی۔ برانچ کے مینیجر کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا، اور پولیس نے ملوث ملزمان کی شناخت کر لی ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ قانون شکنی اور ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

تیسرا واقعہ: منشیات سمگلر کی گرفتاری وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن “ڈرگ فری پنجاب” کے تحت ویسٹریج پولیس اور اے این ایف نے کارروائی کرتے ہوئے بین الصوبائی منشیات سمگلر شہزاد کو گرفتار کر لیا۔ ملزم سے 74 کلو چرس اور 1200 گرام افیون برآمد ہوئی۔ اس کے ساتھی یاسر نے تیز رفتاری سے گاڑی چلاتے ہوئے ایک موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر ایک شخص کو جاں بحق اور دوسرے کو زخمی کر دیا۔ پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیکنیکل ذرائع کا استعمال شروع کر دیا ہے۔

چوتھا واقعہ: منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔ ٹیکسلا پولیس نے ملزم ارشاد سے 1 کلو 120 گرام چرس، جبکہ دھمیال پولیس نے ملزمان اُسامہ اعجاز اور حارث سے بالترتیب 1 کلو 60 گرام اور 600 گرام چرس برآمد کی۔ پولیس نے ان ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں عدالت میں پیش کرنے کے لیے چالان تیار کیا۔

پانچواں واقعہ: شراب سپلائرز کے خلاف کارروائیاں راولپنڈی پولیس نے شراب سپلائرز کے خلاف بھی کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کیا۔ کینٹ پولیس نے ملزم ظہیر عباس سے 18 بوتل شراب، جبکہ ٹیکسلا پولیس نے نعمت اللہ اور نعیم سے بالترتیب 4 اور 5 لیٹر شراب برآمد کی۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کاروائیاں: خطرناک گینگز گرفتار، منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، گرجا گھروں کی سیکیورٹی سخت

چھٹا واقعہ: ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان کی گرفتاری راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 6 ملزمان کو گرفتار کیا۔ گنجمنڈی پولیس نے ملزم حمزہ سرور سے 1 پستول 30 بور معہ ایمونیشن، جبکہ دیگر علاقوں سے بھی پستول اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔

راولپنڈی پولیس نے کہا کہ شہر میں منشیات، اسلحہ، شراب اور قانون شکنی کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔

مزید خبریں