راولپنڈی (کرائم رپورٹر) – راولپنڈی پولیس نے سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور اور کامیاب کارروائیاں کیں، جن میں اشتہاری مجرمان، ڈکیت گینگ، منشیات فروش اور موٹر سائیکل چور شامل ہیں۔
رتہ امرال میں پولیس پر فائرنگ، تین رکنی کومہ گینگ گرفتار
تھانہ رتہ امرال کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار تین ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں ایک زخمی سمیت تین رکنی بدنام زمانہ کومہ گینگ گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ وقاص عرف کومہ، عمران عرف ماڑو اور سہیل شامل ہیں۔ ملزمان ڈکیتی، سنیچنگ اور موٹر سائیکل چوری کی درجنوں وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ڈرگ فری پنجاب مہم کے تحت 7 منشیات فروش گرفتار
سی پی او سید خالد ہمدانی کے وژن کے مطابق راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ کارروائیوں کے دوران 7 ملزمان سے 600 گرام آئس اور 7 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ اب تک 100 سے زائد منشیات فروش گرفتار کیے جا چکے ہیں۔
گرجا گھروں کی سیکیورٹی کیلئے مؤثر اقدامات
راولپنڈی پولیس نے گرجا گھروں کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے 450 سے زائد اہلکار تعینات کیے ہیں۔ ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس اور تھانوں کی موبائلز گشت کے فرائض انجام دے رہی ہیں۔ سینئر افسران سیکیورٹی اقدامات کی نگرانی کر رہے ہیں۔
بنی پولیس کی کارروائی: موٹر سائیکل چوری گینگ گرفتار
تھانہ بنی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 رکنی گینگ گرفتار کیا جو سٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ ملزمان سے 4 مسروقہ موٹر سائیکلیں اور موبائل فون برآمد کیے گئے۔
مزید پڑھیں: امریکی صدر ٹرمپ کے چہرے سے رپورٹر کا مائیک لگنا غلطی تھی یا کچھ اور؟ وائرل ویڈیو نے تہلکہ مچا دیا
ٹیکسلا پولیس کی کارروائی: اشتہاری مجرم گرفتار
تھانہ ٹیکسلا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چیک ڈس آنر کے مقدمہ میں 2021 سے مطلوب اشتہاری مجرم آفتاب کو گرفتار کر لیا۔
سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی کا کہنا ہے کہ راولپنڈی پولیس عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ پولیس کی جانب سے مجرمان کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی۔