راولپنڈی(کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن اور آئی جی پنجاب کی ہدایات کے مطابق راولپنڈی پولیس کی جانب سے ٹیکسلا میں انسداد منشیات کے حوالے سے آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی محسن ایوب خان، ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی، ایس ڈی پی او ٹیکسلا، ٹیکسلا سرکل کے ایس ایچ اوز، طلباء، پولیس افسران اور سول سوسائٹی کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔
واک کے دوران شرکاء نے شہریوں کو منشیات کے نقصانات سے آگاہ کیا اور راولپنڈی پولیس کی انسداد منشیات مہم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے حکومت پنجاب کے اقدامات اور پولیس کی کارکردگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسے ناسور سے بچانے کے لیے پولیس ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف راولپنڈی پولیس کا گرینڈ آپریشن جاری ہے اور کسی کو قانون کی گرفت سے بچنے نہیں دیا جائے گا۔
ممبر صوبائی اسمبلی محسن ایوب خان نے پولیس کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہم وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر منشیات کے خلاف جنگ میں راولپنڈی پولیس کے ساتھ کھڑے ہیں۔
آگاہی واک کے بعد ایک نجی یونیورسٹی میں انسداد منشیات سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جہاں ایس پی پوٹھوہار نے طلباء و طالبات کو منشیات کے خطرناک اثرات پر لیکچر دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں اور ایک صحت مند معاشرہ صرف صحت مند ذہن سے ہی ممکن ہے۔
طلباء نے لیکچر میں بھرپور دلچسپی کا اظہار کیا اور راولپنڈی پولیس کے ساتھ مل کر منشیات کے خلاف مہم میں کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ سیمینار کے اختتام پر یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے پولیس افسران کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔
وارث خان پولیس کی کاروائی، 2 اشتہاری مجرمان گرفتار
وارث خان پولیس نے مختلف مقدمات میں مطلوب دو اشتہاری مجرمان کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک کارروائی میں ہوائی فائرنگ اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم اسامہ کو گرفتار کیا گیا، جبکہ دوسری کارروائی میں دھوکہ دہی کے مقدمے میں مطلوب خرم عزیز کو حراست میں لیا گیا۔
ایس پی راول محمد حسیب راجہ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی پولیس کی جانب سے اشتہاری مجرمان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں اور کسی کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔