اتوار,  13 اپریل 2025ء
راولپنڈی پولیس کی بڑی کامیابی: خطرناک ڈاکو شکیل کیانی پولیس مقابلے میں ہلاک

راولپنڈی (کرائم رپورٹر): جرائم کی دنیا میں “گنگ آف ہائوس رابری” کے طور پر معروف انتہائی مطلوب اور خطرناک ڈاکو شکیل کیانی پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق، شکیل کیانی گزشتہ روز چکلالہ کے علاقے میں پولیس کی کارروائی کے دوران مارا گیا۔

شکیل کیانی کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بڑی ڈکیتیوں سے تھا، اور اسے پنجاب بھر میں گھروں میں ڈکیتی کرنے والا اہم ملزم مانا جاتا تھا۔ ہلاک ہونے والا ڈاکو درجنوں رپورٹ شدہ اور بیسیوں غیر رپورٹڈ ڈکیتیوں میں ملوث تھا، جس میں اس نے کروڑوں روپے مالیت کی نقدی اور زیورات لوٹے تھے۔

پولیس کے مطابق، شکیل کیانی نے 2011 میں 25 ڈاکوؤں پر مشتمل ایک گینگ تشکیل دیا تھا، اور 2017 کے بعد سے وہ پنجاب کے کسی ضلعے میں گرفتار نہ ہو سکا۔ اس کی گرفتاری کے لیے پنجاب بھر کی پولیس متحرک تھی، لیکن وہ ہمیشہ فرار رہنے میں کامیاب ہو جاتا تھا۔ شکیل کیانی نے بڑی ہائوسنگ سوسائٹیز اور پوش علاقوں کو اپنے حملوں کا نشانہ بنایا تھا اور وہ موٹروے سے منسلکہ شہروں میں بھی وارداتیں کرتا تھا۔

ہلاک ہونے والے ڈاکو کیانی کے بارے میں یہ بھی معلوم ہوا کہ اس نے جعلی شناختی کارڈ تیار کرنے کی مہارت حاصل کی تھی اور مختلف اضلاع میں 100 سے زائد ڈاکوؤں کو جعلی روبکاروں پر رہا کروایا تھا۔ ڈاکو کیانی کی سرگرمیاں کئی سالوں تک پنجاب بھر میں جاری رہیں اور وہ “کنگ آف ہاؤس رابری” کے لقب سے جانا جاتا تھا۔

پولیس افسران نے اس کامیابی کو بڑی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ شکیل کیانی کی ہلاکت سے پنجاب بھر میں ہائوس رابریز پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

سی پی او کی جانب سے پولیس افسران کی حوصلہ افزائی

راولپنڈی (رپورٹ): راولپنڈی پولیس کے سی پی او سید خالد ہمدانی نے تھانہ چکلالہ کی پولیس پارٹی کو شاباش دی، جنہوں نے خطرناک ڈاکو شکیل کیانی کے ساتھ فائرنگ کے باوجود بہادری سے مقابلہ کیا۔ سی پی او نے ان افسران کو تعریفی سرٹیفکیٹس اور نقد انعامات سے نوازا۔

سی پی او نے ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی، ایس ڈی پی او سول لائنز میاں افضال شاہ اور دیگر افسران کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کا یہ عمل پنجاب بھر میں جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔

پاکستان سپر لیگ 2025 کے لیے سخت سیکیورٹی انتظامات

راولپنڈی (رپورٹ): پاکستان سپر لیگ 2025 کے پریکٹس سیشن کے دوران راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سیکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی براہ راست نگرانی سی پی او سید خالد ہمدانی اور ایس ایس پی آپریشنز کر رہے ہیں۔ راولپنڈی پولیس کے 1100 سے زائد افسران و اہلکار اس اہم ایونٹ کی سیکیورٹی میں مصروف ہیں۔

سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک پر سی پی او کا نوٹس

راولپنڈی (رپورٹ): اڈیالہ روڈ پر صحافیوں کے ساتھ ناروا سلوک پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے فوری طور پر ایس ایس پی آپریشنز کو واقعہ کی مکمل انکوائری کرنے اور ذمہ دار پولیس اہلکار کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ پولیس اہلکار زاہد کو معطل کر دیا گیا ہے اور دیگر اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی جاری ہے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی اہم کارروائیاں: مختلف جرائم میں ملوث ملزمان کی گرفتاری

مزید خبریں