اتوار,  06 اپریل 2025ء
راولپنڈی: منشیات کے خلاف راولپنڈی پولیس کی مہم، عوامی آگاہی واک کا انعقاد

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) – وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق راولپنڈی پولیس کی انسداد منشیات مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر منشیات کے نقصانات سے آگاہی کے حوالے سے ایک واک کا انعقاد کیا گیا جس میں ممبران صوبائی اسمبلی، پولیس افسران، طلباء و طالبات، اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس واک میں شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر منشیات کے نقصانات سے متعلق پیغامات درج تھے۔ واک کا مقصد عوام کو منشیات کے اثرات سے آگاہ کرنا اور ان کے خلاف حکومت پنجاب کے اقدامات کو اجاگر کرنا تھا۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن صباء ستار نے اس موقع پر کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب اور آئی جی پنجاب کے ویژن کے تحت راولپنڈی پولیس نے منشیات کے خلاف ایک گرینڈ آپریشن شروع کیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ چند ماہ میں تقریباً 2000 منشیات سپلائرز اور سمگلرز کو گرفتار کیا گیا ہے، جن میں سے 400 سے زائد بڑے منشیات فروش جیلوں میں قید ہیں اور انہیں 10 سے 20 سال کی سزائیں سنائی جاچکی ہیں۔

ایس پی پوٹھوہار طلحہ ولی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ نوجوان نسل کو منشیات سے بچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور ان کے خلاف قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے اس بات پر زور دیا کہ راولپنڈی پولیس منشیات کے مکمل خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں کر رہی ہے اور نوجوانوں کو تباہی سے بچانے کے لیے تمام وسائل استعمال کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف اس جنگ میں پولیس اور سول سوسائٹی کا تعاون انتہائی اہم ہے۔

مزید پڑھیں: پشاور: بونیر کے نوجوان کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیش رفت، منگیتر سمیت دو ملزمان گرفتار

اس کے علاوہ، راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں اور شراب سپلائرز کے خلاف متعدد کارروائیاں کی ہیں، جس میں 12 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 27 کلو سے زائد چرس اور شراب برآمد کی گئی۔

راولپنڈی پولیس کی منشیات کے خلاف یہ مہم عوامی سطح پر بڑھتی ہوئی آگاہی کے ساتھ جاری ہے اور حکومت پنجاب کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا گیا ہے کہ پنجاب کو منشیات سے پاک اور صحت مند بنائیں گے۔

مزید خبریں