راولپنڈی (کرائم رپورٹر) – سی پی او سید خالد ہمدانی نے ڈی ایس پی آفس ٹیکسلا میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جس میں ایس پی پوٹھوہار، ڈی ایس پی ٹیکسلا، ایس ایچ اوز ٹیکسلا سرکل اور دیگر افسران بھی شریک تھے۔ کھلی کچہری میں شہریوں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی، اور سی پی او نے ان کے مسائل سنے۔ اس موقع پر سی پی او نے افسران کو احکامات جاری کیے کہ وہ شہریوں کے مسائل کا حل فوری طور پر کریں اور قانونی کارروائی کو ٹائم فریم کے اندر مکمل کرکے رپورٹ پیش کریں۔
سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو ان کی دہلیز پر فوری انصاف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی کوتاہی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب، راولپنڈی پولیس نے غیر قانونی گیس ری فلنگ اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے 14 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ان ملزمان سے سلنڈر، موٹریں اور دیگر سامان برآمد ہوا۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ ان غیر قانونی ایجنسیوں کو سیل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔
مزید پڑھیں: آڈیو لیکس کیس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار
اس کے علاوہ، وارث خان پولیس نے سابقہ رنجش کے سبب شہری کے گھر فائرنگ کرنے والے ملزم قیصر کو گرفتار کر لیا۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ نے کہا کہ ملزم کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں پیش کر کے قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔
ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اور جرائم کے خاتمے کے لیے راولپنڈی پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔