راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) تاجر اتحاد پنڈوڑہ کے صدر راجہ ابرار عباسی اور جنرل سیکرٹری راجہ حارث خان نواب ایڈووکیٹ نے سی پی او خالد ہمدانی سے ملاقات کی اور پنڈوڑہ بازار کے لیے پولیس چوکی کی منظوری، ٹریفک کنٹرول کے لیے وارڈن کی تعیناتی اور منشیات فروشی کے خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنے کی درخواست کی۔
تفصیلات کے مطابق، سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی نے پنڈوڑہ بازار کے لیے پولیس چوکی کی منظوری دے دی۔ یہ فیصلہ انہوں نے گزشتہ روز تاجر اتحاد پنڈوڑہ کے صدر راجہ ابرار عباسی اور جنرل سیکرٹری راجہ حارث خان نواب ایڈووکیٹ سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر راجہ ابرار عباسی نے سی پی او کو یاد دلایا کہ گزشتہ دور میں ان کی صدارت کے دوران بازار میں پولیس چوکی قائم کی گئی تھی جس کے نتیجے میں وارداتوں میں کمی آئی تھی، مگر بعد ازاں تاجروں کے تحفظ کے لیے کوئی اقدامات نہیں کیے گئے اور پولیس نے چوکی ختم کر دی تھی۔
راجہ ابرار عباسی نے مزید کہا کہ امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے دوبارہ پولیس چوکی قائم کرنے کی ضرورت ہے جسے سی پی او نے فوری طور پر منظور کر لیا۔ سی پی او خالد ہمدانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر ہماری ریڑھ کی ہڈی ہیں اور ان کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
راجہ ابرار عباسی نے بازار میں ٹریفک کنٹرول کے لیے وارڈن کی تعیناتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد کو ملانے والی یہ اہم سڑک ہے، لیکن وارڈن نہ ہونے کی وجہ سے اکثر ٹریفک جام رہتی ہے، خصوصاً کرکٹ میچ کے دنوں میں جب ڈبل روڈ بند ہونے کے بعد یہی متبادل راستہ ہوتا ہے۔ سی پی او خالد ہمدانی نے اس پر سی ٹی او راولپنڈی سے بات کرکے مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی،15سالہ لڑکی کے قاتل کو عمر قید کی سزا
راجہ ابرار عباسی نے علاقے میں منشیات فروشی کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اگرچہ ایس ایچ او انوار الحق کے اقدامات کی وجہ سے منشیات فروشی میں کمی آئی ہے، مگر اس کے مکمل خاتمے کے لیے مزید سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔
اس ملاقات میں تاجر برادری کی جانب سے سی پی او راولپنڈی سے علاقے کی حفاظت اور دیگر مسائل کے حل کی درخواست کی گئی۔