ولپنڈی/اسلام آباد (اقبال زرقاش) پنجاب حکومت کے احکامات کے تحت غیر قانونی گیس ری فلنگ اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے 9 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جو غیر قانونی طور پر گیس ری فلنگ اور پٹرول ایجنسیاں چلا رہے تھے۔
صدر بیرونی پولیس نے 6 ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ ٹیکسلا پولیس نے 3 ملزمان کو حراست میں لیا۔ ملزمان سے سلنڈرز، موٹریں اور دیگر سامان برآمد کیا گیا۔ گرفتار ہونے والوں میں عنایت، سجاد، گل زمان، فیضان، آفتاب، حامد، انیس، رمضان اور ثاقب شامل ہیں۔ ان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ پنجاب کا ریڈ اسٹنٹ ڈائریکٹر لیبر حافظ آباد گرفتار
سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ غیر قانونی گیس ری فلنگ اور پٹرول ایجنسیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز کر دیا گیا ہے اور ان کی دکانوں کو سیل کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف یہ کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے واضح کیا کہ شہر بھر میں غیر قانونی گیس ری فلنگ اور پٹرول ایجنسیوں کے خاتمے تک آپریشن جاری رہے گا اور ان کاروباروں کے لیے استعمال ہونے والی دکانوں کو بھی سیل کیا جائے گا۔