جمعه,  21 مارچ 2025ء
راولپنڈی پولیس کا یوم حضرت علیؓ کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات، مختلف جرائم کے خلاف کارروائیاں جاری

راولپنڈی (کرائم رپورٹر): سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے یوم حضرت علیؓ کے موقع پر مؤثر سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔ اس حوالے سے 3500 سے زائد پولیس افسران سیکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے، جبکہ ٹریفک انتظامات کے لیے 100 سے زائد ٹریفک افسران و اہلکار تعینات ہوں گے۔ سی پی او کا کہنا تھا کہ جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ شرکاء کو واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور باڈی سرچ کے بعد جلوس میں شامل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ، گلیوں اور راستوں کو سیل کیا جائے گا اور چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے جائیں گے۔ سیکیورٹی انتظامات کی نگرانی سینئر افسران کریں گے اور ٹریفک کے بہترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

ایس پی پوٹھوہار طلحہٰ ولی کی کھلی کچہری
ایس پی پوٹھوہار طلحہٰ ولی نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ انہوں نے شہریوں کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو فوری احکامات جاری کیے۔ طلحہٰ ولی کا کہنا تھا کہ درخواستوں پر ٹائم فریم کے اندر قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا اور شہریوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔

آراے بازار پولیس کا کامیاب آپریشن
آراے بازار پولیس نے جائیداد کے تنازعہ پر اپنے والد کو قتل کرنے والے ملزم عبدالباسط کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے فائرنگ کرکے اپنے والد عبدالقیوم کو زخمی کیا تھا، جو ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس سمیت تمام ذرائع استعمال کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا اور اسے عدالت میں پیش کرنے کے لیے کارروائی کی۔

رتہ امرال پولیس کا قمار بازی کے خلاف آپریشن
رتہ امرال پولیس نے تاش پر جواء کھیلنے والے 7 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان کے قبضے سے 21,900 روپے نقد، 5 موبائل فونز اور تاش کے پتے برآمد ہوئے۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ نے کہا کہ قمار بازی دیگر جرائم کی جڑ ہے اور اس کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری
راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کر کے 2 کلو 880 گرام چرس برآمد کی۔ ایس پی پوٹھوہار طلحہٰ ولی کا کہنا تھا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس کی کارروائیاں تیز کی جا رہی ہیں۔

پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا اجلاس
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے احکامات کی روشنی میں سی پی او سید خالد ہمدانی اور ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ کی زیر صدارت پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد اور غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے خلاف کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا۔ تجاوزات کے خاتمے کے لیے شہر بھر میں مشترکہ آپریشنز کیے جائیں گے اور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔

غازی پولیس افسران کے لیے تقریب
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے مطابق دہشت گرد حملوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں زخمی ہونے والے پولیس افسران کے لیے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں تقریب منعقد کی گئی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے غازی پولیس افسران کو خصوصی سلور میڈل دیے اور ان کی بے مثال قربانیوں کو سراہا۔

پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن
سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے پیشہ ور گداگروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا۔ ایک روز کے دوران 39 پیشہ ور گداگر گرفتار کیے گئے، اور رواں سال میں 464 گداگروں کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق، شہر کو پیشہ ور گداگروں سے پاک کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی مختلف کارروائیاں: متعدد گینگز کی گرفتاری اور منشیات، اسلحہ و دیگر جرائم کی برآمدگی

مزید خبریں