قصور(روشن پاکستان نیوز) تھانہ صدر پتوکی کے علاقے میں نجی بینک کے ملازم محمد اعظم کے قتل کا معمہ پولیس نے کامیابی سے حل کر لیا ہے۔ مقتول کے سوتیلے بھتیجے سمیع الرحمان اور اس کے دوست ہارون کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ قتل کے ہتھیار بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔
واقعہ 20 جنوری کو پیش آیا، جب محمد اعظم نجی بینک سے واپس گھر جا رہے تھے۔ واں آدھن کے قریب نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کر کے انھیں موقع پر ہی ہلاک کر دیا۔ ملزمان نے واقعے کو ڈکیتی کے بعد قتل کی صورت دینے کی کوشش کی، لیکن پولیس نے جدید اور سائنٹیفک بنیادوں پر تحقیقات کرتے ہوئے ملزمان کو پکڑ لیا۔
تفتیش کے دوران یہ انکشاف ہوا کہ ملزم سمیع الرحمان کے والد نے اپنی زرعی زمین اپنے سوتیلے بھائی محمد اعظم کے نام کر دی تھی۔ زمین پر قبضہ کرنے کے لیے سمیع الرحمان نے اپنے دوست ہارون کے ساتھ مل کر منصوبہ بندی کی اور محمد اعظم کو قتل کر دیا۔
واقعے کے بعد مقتول کی بہن نازیہ تبسم نے تھانہ صدر پتوکی میں درخواست دائر کی، جس پر پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا۔ ڈی پی او محمد عیسیٰ خان نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایس پی پتوکی کو ملزمان کی فوری گرفتاری کے احکامات جاری کیے۔ ایس ایچ او صدر پتوکی میاں امین کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت سے کام کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ افراد کیخلاف مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد ملزمان گرفتار
پولیس کے مطابق، ملزمان نے تفتیش کے دوران اپنے جرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ انھیں قانونی کارروائی کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔