راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز): تھانہ روات کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل فیصل شدید زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق، ملزمان نے مشکوک موٹر سائیکلوں کو روکنے کی کوشش کے دوران فائرنگ کی، جس سے ایک کانسٹیبل شدید زخمی ہو گیا۔ تاہم، پولیس نے فائرنگ کے دوران ایک زخمی سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ دو ملزمان فرار ہو گئے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت طارق اور زخمی ملزم کی شناخت جہانزیب کے طور پر ہوئی ہے۔ زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا ہے اور فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقہ میں سرچ آپریشن جاری ہے۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے پولیس کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی جان و مال اور پولیس پر حملہ کرنے والے ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچیں گے۔
چمپئینز ٹرافی 2025 کے دوران فول پروف سیکورٹی انتظامات
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں چمپئینز ٹرافی 2025 کے پریکٹس سیشن کے دوران پولیس کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی پی او سید خالد ہمدانی اور ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار کی براہ راست نگرانی میں 5000 سے زائد پولیس افسران اور اہلکار سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے 350 سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار بھی ڈیوٹی پر ہیں۔ اسٹیڈیم کے گردونواح میں ماہر نشانہ باز چھتوں پر تعینات ہیں اور پولیس ٹیمیں، ڈولفن فورس اور ایلیٹ فورس گشت کر رہی ہیں۔ سی پی او نے کہا کہ شہریوں کو پرامن اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
مندرہ پولیس کی کامیاب کاروائی، 4 رکنی گینگ گرفتار
مندرہ پولیس نے جی ٹی روڈ اور گردونواح میں وارداتیں کرنے والے 4 رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق، گرفتار ملزمان حمید اللہ، سیف، رحمن اللہ اور زاہد خان سے مسروقہ رقم 17 لاکھ روپے، 3 موٹرسائیکلیں، 2 موبائل فون اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔ ملزمان نے دوران تفتیش جی ٹی روڈ اور گردونواح میں متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔
منشیات فروشوں اور شراب سپلائرز کے خلاف کارروائیاں
راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں اور شراب سپلائرز کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔ ویسٹریج پولیس نے 1 کلو 100 گرام چرس برآمد کی، ائیرپورٹ پولیس نے 20 لیٹر شراب اور سول لائنز پولیس نے 26 بوتل دیسی شراب برآمد کی۔ اسی طرح واہ کینٹ پولیس نے 10 لیٹر شراب قبضے میں لی۔ ایس ایس پی آپریشنز کاشف ذوالفقار نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔
مزید پڑھیں: اینکر پرسن ڈرامہ ارٹسٹ ساجد حسن کے بیٹے کو کراچی ڈیفنس سے گرفتار کرلیا گیا
ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں
راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق، ملزمان سے پستول اور ایمونیشن برآمد ہوئے ہیں۔ نصیرآباد پولیس نے 2 ملزمان عاصم اور عمر کو گرفتار کیا، جب کہ روات پولیس نے ملزم کاشف ضمیر کو گرفتار کر لیا۔ ڈویژنل ایس پیز کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
سی پی او کا کہنا
سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔