هفته,  22 فروری 2025ء
راولپنڈی پولیس کا پتنگ بازوں، شراب سپلائرز اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن

راولپنڈی (کرائم رپورٹر )  سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر راولپنڈی پولیس نے مختلف جرائم کے خلاف بھرپور کارروائیاں کیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران 137 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 5 ہزار سے زائد پتنگیں اور 127 ڈوریں برآمد کی گئیں۔ پولیس کی حکمت عملی اور انتھک محنت سے کسی ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ملی۔

پتنگ بازی میں ملوث ملزمان کی گرفتاریاں
سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر پتنگ بازی میں ملوث 137 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن میں وارث خان پولیس نے 27، صادق آباد نے 23، رتہ امرال نے 19، ائیرپورٹ نے 14، بنی نے 11 اور گنج منڈی نے 10 ملزمان کو پکڑا۔ دیگر علاقوں میں نیوٹاؤن، پیرودھائی، سٹی اور مختلف تھانوں میں بھی پتنگ بازی کے ملزمان کی گرفتاریاں ہوئیں۔ اس کریک ڈاؤن کے دوران پتنگ بازی میں ملوث افراد کی ویڈیوز کے ذریعے شناخت کی جا رہی ہے۔ سی پی او نے والدین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس جان لیوا کھیل سے روکے، کیونکہ اس میں ملوث افراد کے مستقبل کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

شراب سپلائرز کے خلاف کارروائی
صادق آباد پولیس نے شراب سپلائر زین قریشی کو گرفتار کیا، جس سے 200 بوتل شراب اور 50 لیٹر دیسی شراب برآمد ہوئی۔ ملزم نے شراب شہر کے مختلف علاقوں میں سپلائی کرنی تھی۔ ایس پی راول محمد حسیب راجہ نے پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے منشیات اور شراب کے خلاف کریک ڈاؤن کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ افراد کیخلاف مختلف کارروائیوں کے دوران متعدد ملزمان گرفتار

قتل و اقدام قتل میں ملوث اشتہاری مجرم کی گرفتاری
جاتلی پولیس نے قتل و اقدام قتل کے مقدمہ میں مطلوب اشتہاری مجرم خالد کو گرفتار کر لیا، جو ساتھیوں کے ہمراہ فائرنگ کر کے شہری قاسم کو قتل اور قمر کو زخمی کر چکا تھا۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ قتل جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری مجرمان کی گرفتاری لواحقین کو انصاف کی فراہمی میں اہم ہے۔

مندرہ پولیس کی کاروائی: زیادتی کے مقدمے میں 3 ملزمان گرفتار
مندرہ پولیس نے 18 سالہ لڑکے سے زیادتی کرنے والے 3 ملزمان کو چند گھنٹوں میں گرفتار کر لیا۔ ملزمان میں جواد، عمر اور خضر شامل ہیں۔ متاثرہ لڑکے کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کیا گیا اور ملزمان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

جاتلی پولیس کا آتش بازی کے سامان کے خلاف کریک ڈاؤن
جاتلی پولیس نے آتش بازی کے سامان کے ساتھ ملزم ندیم کو گرفتار کیا، جس سے 50 سوتری گولے، 25 ہوائیاں اور 10 انار برآمد ہوئے۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر کا کہنا تھا کہ آتش بازی کے ذریعے شہریوں کی جانیں خطرے میں ڈالنے والے ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔

منشیات کے خلاف راولپنڈی پولیس کی کارروائیاں
راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کیا، جن سے 1 کلو 850 گرام چرس برآمد کی گئی۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر کے انہیں قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے گی۔

شراب سپلائرز کے خلاف مزید کارروائیاں
راولپنڈی پولیس نے بنی، پیرودھائی اور مورگاہ پولیس کے ذریعے 3 شراب سپلائرز کو گرفتار کیا اور 60 لیٹر شراب برآمد کی۔ پولیس حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شراب سپلائرز اور منشیات کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں گی تاکہ ان کے ناسور کا خاتمہ کیا جا سکے۔

جاتلی کے علاقہ میں 17 سالہ لڑکی کے قتل کی تفتیش میں اہم پیشرفت

راولپنڈی، جاتلی کے علاقہ میں 17 سالہ لڑکی کے قتل کی تفتیش میں اہم پیشرفت، 2 مزید ملزمان گرفتار، کل گرفتار ملزمان کی تعداد 3 ہو گئی، قبل ازیں مقتولہ کے چچا وسیم کو گرفتار کیا جا چکا ہے، دونوں ملزمان لڑکی کو شادی کا جھانسہ دے کر اغواء کرنے میں ملوث تھے۔ تفصیلات کے مطابق جاتلی کے علاقہ میں 17 سالہ لڑکی کے قتل کی تفتیش میں اہم پیشرفت، 2 مزید ملزمان کوگرفتارکر لیا گیا، گرفتار ملزمان میںشیر عباس اور عاقب شامل ہیں ، کل گرفتار ملزمان کی تعداد 3 ہو گئی، قبل ازیں مقتولہ کے چچا وسیم کو گرفتار کیا جا چکا ہے، دونوں ملزمان لڑکی کو شادی کا جھانسہ دے کر اغواء کرنے میں ملوث تھے، اغواء کے بعد لڑکی کے اہل خانہ اسے تلاش کر کے واپس لائے اور لڑکی کے چچا نے مقتولہ کو قتل کر کے نعش کو دفنا دیا تھا، مقتولہ کی پراسرار وفات کی اطلاع پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے نوٹس لیتے ہوئے فوری قانونی کارروائی کا حکم دیا تھا، ایس پی صدر کی زیر نگرانی قانونی کاروائی کا اغاز کرتے ہوئے پولیس کی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ درج کر کے قبر کشائی و پوسٹ مارٹم کروایا گیا،مقدمہ کی میرٹ پر تفتیش کرتے ہوئے ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان عدالت کیا جائے گا،سی پی او سید خالد ہمدانی کا کہنا تھا کہ پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے یہ پیغام دیا گیا ہے کہ راولپنڈی پولیس مظلوم کی وارث ہے، افسوس ناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزا دلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔

مزید خبریں