هفته,  15 فروری 2025ء
راولپنڈی پولیس کی پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف بھرپور کارروائیاں، منشیات سپلائر کو سزا

راولپنڈی (کرائم رپورٹر ) سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات کے مطابق پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف کریک ڈاؤن اور روک تھام کے لیے آگاہی مہم جاری ہے۔ پولیس افسران نے بلند عمارتوں سے مانیٹرنگ کے ساتھ ساتھ مساجد سے اعلانات اور گھر گھر پمفلٹ کی تقسیم کے ذریعے شہریوں میں آگاہی پھیلانے کی کوششیں تیز کر رکھی ہیں۔ اس کے علاوہ، تعلیمی اداروں میں بھی پتنگ بازی کے نقصانات اور اس کی روک تھام کے حوالے سے لیکچرز دیے جا رہے ہیں۔ پولیس نے پتنگ بازی اور پتنگ فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے رواں سال اب تک 100 سے زائد ملزمان کو گرفتار کیا ہے، جن سے 30 ہزار سے زائد پتنگیں اور 450 سے زائد ڈوریں برآمد کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی: گھریلو ملازمہ پر تشدد میں ملوث تیسری ملزمہ گرفتار

پولیس حکام کے مطابق، آن لائن پتنگ فروشوں کے خلاف بھی مانیٹرنگ اور کارروائیاں جاری ہیں۔ پتنگ بازی کو ایک قابل تعزیر اور ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے، جس کی سزا 3 سال سے 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے تک جرمانہ ہے۔ پولیس نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کی صورت میں فوری قانونی کارروائی کی جائے گی، اور ان عمارتوں کے مالکان کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائیں گے جہاں سے پتنگ بازی یا ہوائی فائرنگ کی جائے گی۔ اس کے علاوہ، والدین کو بھی تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو اس جان لیوا کھیل سے روکیں تاکہ ان کے مستقبل کو محفوظ بنایا جا سکے۔

اسی دوران، راولپنڈی پولیس کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں معزز عدالت نے منشیات سپلائر محسن شاہ کو سزا سنا دی۔ مجرم کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق، ٹیکسلا پولیس نے مئی 2023 میں محسن شاہ کو 1 کلو 600 گرام چرس کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ ٹھوس شواہد اور مؤثر پیروی کے باعث معزز عدالت نے مجرم کو قرار واقعی سزا دی۔ سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی انویسٹیگیشن اور تفتیشی و لیگل ٹیموں کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے منشیات سپلائرز کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔

مزید خبریں