راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی سی پی او آفس میں پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے سینئر افسران کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق ناجائز تجاوزات اور گداگری کے خلاف کریک ڈاؤن کی حکمت عملی تیار کی گئی۔ اجلاس میں سی پی او سید خالد ہمدانی، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ، ایس ایس پی آپریشنز، چیف ٹریفک آفیسر، ڈویژنل ایس پیز، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران شہر بھر میں شاہراہوں پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے باہمی تعاون سے آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ، سٹی کے علاقوں میں ریڑھوں، ریڑھیوں اور غیر قانونی پارکنگ کے خلاف خصوصی آپریشن بھی کیا جائے گا۔ شہر بھر کے اہم مقامات، شاہراہوں اور چوراہوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
گداگری کے خلاف سخت کارروائی
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام اہم چوراہوں پر گداگروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں ڈویژنل ایس پی کریک ڈاؤن کی نگرانی کریں گے، جبکہ گداگروں کو قانون کی گرفت میں لانے کے لیے سپیشل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی۔ اینٹی بیگری سکواڈ، ٹریفک پولیس اور تھانوں کی موبائلز بھی گداگروں کے خلاف کارروائی کریں گی۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ راولپنڈی سے تجاوزات اور گداگری کا خاتمہ یقینی بنایا جائے گا اور شہریوں کی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
منشیات کے خلاف کارروائی: دو سپلائرز کو سزائیں
دوسری جانب، راولپنڈی پولیس کی موثر پولیسنگ کے نتیجے میں معزز عدالت نے دو منشیات سپلائرز کو سخت سزائیں سنائی ہیں۔ مجرمان کو مجموعی طور پر 18 سال قید اور 1 لاکھ 60 ہزار روپے جرمانے کی سزائیں سنائی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق، معزز عدالت نے مجرم حق نواز کو 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی، جو گوجر خان پولیس نے 2 کلو 200 گرام چرس برآمد ہونے پر سال 2023 میں گرفتار کیا تھا۔ اسی طرح، مجرم عامش عثمان کو بھی 9 سال قید اور 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی گئی، جسے گوجر خان پولیس نے 1 کلو 720 گرام چرس برآمد ہونے پر سال 2023 میں گرفتار کیا تھا۔
سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن اور تفتیشی و لیگل ٹیموں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے منشیات سپلائرز کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔
مزید پڑھیں: وفاقی کابینہ کا اجلاس کل طلب، اجلاس میں 13 نکاتی ایجنڈےپرغور ہوگا