جمعرات,  30 جنوری 2025ء
راولپنڈی پولیس کی مختلف کارروائیاں، شہریوں کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے اقدامات جاری

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز) راولپنڈی پولیس نے مختلف جرائم کے خلاف اپنی کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں، جس کے تحت مختلف نوعیت کے مقدمات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن اور ایس ایس پی آپریشنز نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم میٹنگ کا انعقاد کیا، جس میں ایس پی صدر، پوٹھوہار ڈویژن کے ایس ڈی پی اوز، ایس ایچ اوز اور محرران نے شرکت کی۔

مقدمات کی تفتیش کا جائزہ
میٹنگ میں زیر تفتیش مقدمات کی پیشرفت اور تفتیش کے امور پر تفصیل سے گفتگو کی گئی۔ ایس ایس پی انوسٹیگیشن نے افسران کو ہدایات دیں کہ سینئر افسران زیر تفتیش مقدمات کی تفتیش کی نگرانی کریں اور تفتیشی افسران کو بروقت ہدایات جاری کریں۔ انہوں نے کہا کہ مقدمات کو میرٹ پر یکسو کرتے ہوئے چالاننگ کو یقینی بنایا جائے۔ ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ اشتہاری مجرمان اور سابقہ ریکارڈ یافتگان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے اور منشیات کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کو مزید تیز کیا جائے۔

کھلی کچہری کا انعقاد
ایس ایس پی انوسٹیگیشن نے پولیس لائنز ہیڈکوارٹرز میں کھلی کچہری کا بھی انعقاد کیا، جس میں شہریوں کے مسائل سنے گئے اور متعلقہ افسران کو ان کے حل کے لیے احکامات جاری کیے گئے۔ ایس ایس پی انوسٹیگیشن نے کہا کہ درخواستوں پر دیے گئے ٹائم فریم کے اندر قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جائے اور تھانوں میں شہریوں کو بہترین سروس فراہم کی جائے۔

پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کے خلاف اقدامات
سی پی او سید خالد ہمدانی کی خصوصی ہدایات پر راولپنڈی پولیس نے پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے ایک آگاہی مہم کا آغاز کیا ہے۔ تھانہ کینٹ میں آ گاہی واک کا انعقاد کیا گیا جس میں پولیس افسران، انجمن تاجران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس مہم کے دوران پتنگ بازی کے خطرات اور اس کے نقصانات سے متعلق پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ پولیس افسران نے مختلف تعلیمی اداروں میں لیکچرز دے کر شہریوں کو آگاہ کیا۔ سی پی او نے کہا کہ پتنگ بازی کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیا گیا ہے جس کی سزا 3 سے 7 سال تک قید ہو سکتی ہے۔

موٹرسائیکل چوری کی وارداتوں میں کامیابی
گوجرخان پولیس نے موٹرسائیکل چوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم یاسر کو گرفتار کیا، جس سے 9 مسروقہ موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔ پولیس نے ملزم کے ساتھ دیگر سہولت کاروں کو بھی گرفتار کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ ایس پی صدر محمد نبیل کھوکھر نے کہا کہ شہریوں کو قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں
راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں اور شراب سپلائرز کے خلاف اپنی کارروائیاں جاری رکھیں۔ رتہ امرال پولیس نے 1 کلو 520 گرام چرس اور ٹیکسلا پولیس نے 650 گرام چرس برآمد کی۔ اسی طرح ریس کورس پولیس نے 25 لیٹر شراب، گوجر خان پولیس نے 10 لیٹر شراب اور گنجمنڈی پولیس نے 5 لیٹر شراب برآمد کی۔ پولیس نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لیے کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے گا۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کا منشیات فروشوں، پتنگ سپلائرز، اور قانون شکن عناصر کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن

ناجائز اسلحہ کے خلاف کارروائیاں
راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ مختلف تھانوں کی پولیس نے 8 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے پستول اور رائفل سمیت ایمونیشن برآمد کیا۔ پولیس نے کہا کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں اور ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

مزید خبریں