حافظ آباد (شوکت علی وٹو) – ضلع حافظ آباد میں غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کی بھرمار نے عوامی شکایات اور حکومتی احکامات کی دھجیاں اُڑا دی ہیں۔ مبینہ طور پر محکمہ سول ڈیفنس کے افسران اور ملازمین ماہانہ لاکھوں روپے کی رشوت لے کر غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کو چلانے کی اجازت دے رہے ہیں، جس کی وجہ سے کم معیار اور زائد قیمتوں پر پٹرول فروخت کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق گرجا موڑ جیسے مقامات پر قائم غیر قانونی پٹرول ایجنسیاں جب کسی میڈیا یا حکومتی ادارے کی نظر میں آتی ہیں تو فوراً بند کر دی جاتی ہیں، لیکن چند گھنٹوں بعد یہ دوبارہ کھل جاتی ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سول ڈیفنس کے بعض افسران کی کرپشن نے ان غیر قانونی ایجنسیوں کو فروغ دیا ہے اور انہیں کام کرنے کی آزادی دی ہے۔
مقامی عوام کا کہنا ہے کہ سول ڈیفنس کے کرپٹ عملے کی وجہ سے نہ صرف عوامی مفاد متاثر ہو رہا ہے، بلکہ حکومتی اقدامات کا مذاق اُڑایا جا رہا ہے۔ ان ایجنسیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت ہے تاکہ یہ غیر قانونی کاروبار ختم ہو سکے۔
مزید پڑھیں: ایس ایس پی انوسٹیگیشن صبا ستار کی زیر صدارت کرائم میٹنگ، افسران کی کارکردگی کا جائزہ
ماہرین کا کہنا ہے کہ سول ڈیفنس کے عملے کی جگہ ایماندار اور فرض شناس افراد کی تعیناتی کی ضرورت ہے تاکہ ایسی سرگرمیوں کو روکا جا سکے اور عوام کو غیر معیاری اور مہنگی پٹرول کی فراہمی سے بچایا جا سکے۔ اسی طرح اگر فوری طور پر ان ایجنسیوں کو بند نہیں کیا گیا تو یہ غیر قانونی کاروبار مسلسل پھیلتا جائے گا، جس سے نہ صرف عوام کو نقصان ہو گا بلکہ حکومتی اداروں کی ساکھ بھی متاثر ہو گی۔
عوام نے حکام سے اپیل کی ہے کہ فوری طور پر ان غیر قانونی پٹرول ایجنسیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ اس مکروہ دھندے کو روکا جا سکے اور عوام کو صاف اور معیاری پٹرول فراہم کیا جا سکے۔