حافظ آباد(روشن پاکستان نیوز) حافظ آباد پولیس نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے ویژن کے تحت جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں، اور ملزمان کے گرد گھیرہ مزید تنگ کر دیا ہے۔ پولیس کی جدید حکمت عملی اور پیشہ ورانہ مہارت کے نتیجے میں ضلع بھر میں ریکارڈ ریکوری کی گئی ہے۔
ڈی پی او حافظ آباد فیصل گلزار کی قیادت میں پولیس فورس نے ملزمان کے خلاف بھرپور اقدامات اٹھاتے ہوئے پولیس کی کارکردگی کو بہتر بنایا ہے۔ فیصل گلزار کی رہنمائی میں پولیس نے نہ صرف ملزمان کا تعاقب کیا بلکہ انہیں قانون کے کٹہرے میں لانے میں بھی کامیابی حاصل کی۔
اسی سلسلے میں، سب انسپکٹر علی رضا انچارج چوکی سولنگی اعوان نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کاروائی کرتے ہوئے جرائم پیشہ گروہ کے 2 اہم ارکان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے قبضے سے 07 موٹر سائیکلز اور 06 زرعی موٹرز برآمد ہوئیں۔ یہ کارروائی ڈی ایس پی صدر سرکل کی نگرانی میں کی گئی، جس کے بعد ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او حافظ آباد فیصل گلزار نے اس کامیاب کارروائی پر انچارج اور ان کی ٹیم کو شاباش دی اور کہا کہ آئی جی پنجاب کی طرف سے پولیس افسران کی ترقیوں نے فورس میں نئی روح پھونکی ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پولیس کا عزم مضبوط ہے اور ہم ملزمان کے خلاف اپنی کارروائیاں اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھیں گے۔