جمعه,  27 دسمبر 2024ء
راولپنڈی پولیس کی بڑی کارروائی: منشیات سپلائر گرفتار، 9 کلو چرس برآمد

راولپنڈی (سائرہ اختر) – پیرودھائی پولیس نے منشیات کے خلاف اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک منشیات سپلائر کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ٹیم نے افسران بالا کے باضابطہ حکم پر پیرودھائی کے علاقے میں منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کیا، جس کے نتیجے میں 9 کلو 920 گرام چرس برآمد ہوئی۔

ملزم کی شناخت ناصر محمود کے نام سے ہوئی ہے، جو جڑواں شہروں میں منشیات سپلائی کرنے کا اعتراف کر چکا ہے۔ ملزم کی گرفتاری ایک بڑی کامیابی ہے کیونکہ یہ علاقے میں منشیات کے کاروبار میں ملوث تھا اور اس کا نیٹ ورک کافی وسیع تھا۔ دوران تفتیش ملزم نے اپنے دیگر ساتھیوں اور منشیات کی سپلائی چین کے بارے میں بھی اہم معلومات فراہم کیں، جس سے پولیس کو مزید کارروائیوں کے لیے راہنمائی ملی۔

ایس پی راول محمد حسیب راجہ نے ایس ایچ او پیرودھائی کاشف ملک اور پولیس ٹیم کی اس کامیاب کارروائی پر ان کی شجاعت اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ “پولیس کی یہ کارروائی ایک اور سنگ میل ہے اور منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے ہماری جنگ جاری رہے گی۔ ہم منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری رکھیں گے تاکہ شہر کو جرائم پیشہ عناصر سے پاک کیا جا سکے۔”

کفایت خان اے ایس آئی کو بھی ان کی بہترین پیشہ ورانہ کارکردگی پر خصوصی طور پر شاباش دی گئی۔ ایس پی راول نے کہا کہ “کفایت خان ایک فرض شناس اور محنتی پولیس آفیسر ہیں، جنہوں نے اپنی نیند اور آرام کو بالائے طاق رکھ کر معاشرے میں موجود ناسور عناصر کے خلاف کارروائیاں کی ہیں۔”

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں جاری، متعدد ملزمان گرفتار

پیرودھائی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کاشف ملک کی زیر قیادت پولیس ٹیم نے جرائم پیشہ افراد کے خلاف سینہ سپر ہو کر اپنی ذمہ داریوں کو بہترین انداز میں نبھایا ہے۔ ان کی اس کامیاب کارروائی سے نہ صرف پیرودھائی بلکہ پورے راولپنڈی میں منشیات فروشوں کے خلاف پولیس کی عزم و ارادے کا پیغام گیا ہے۔

ایس پی راول محمد حسیب راجہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پولیس اپنی پوری توانائی سے جرائم کے خلاف جنگ لڑے گی اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

مزید خبریں