جمعرات,  19 دسمبر 2024ء
5 ماہ میں ایس ایچ او سہیل اشرف کی بہترین کارکردگی، حافظ آباد میں منشیات کے خاتمے کے لیے اہم اقدامات

حافظ آباد (شوکت علی وٹو): تھانہ سٹی حافظ آباد کے ایس ایچ او سہیل اشرف نے پانچ ماہ کی مختصر مدت میں اپنی بہترین کارکردگی کے ذریعے شہر سے منشیات کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں۔ ڈی پی او حافظ آباد فیصل گلزار کی سربراہی میں اور ڈی ایس پی صدر سرکل رانا جمیل قیصر کی زیر قیادت، ایس ایچ او سہیل اشرف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائیاں کیں۔

سہیل اشرف نے بتایا کہ پانچ ماہ کی تعیناتی کے دوران، انہوں نے 67 سے زائد منشیات فروشوں کو گرفتار کر کے جیل روانہ کیا، جبکہ 39 شراب فروشوں کو بھی رنگے ہاتھوں پکڑ کر ان کے خلاف مقدمات درج کیے۔ ان کی اس کامیاب مہم نے حافظ آباد کے شہریوں کو منشیات کے خلاف ایک مضبوط پیغام دیا ہے۔

ایس ایچ او سہیل اشرف کا کہنا ہے کہ شہر سے منشیات کے خاتمے کے لیے پولیس کی تمام کوششیں جاری رہیں گی۔ انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ نصابی سرگرمیوں کے ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی حصہ لیں جیسے کبڈی، کرکٹ، ہاکی اور بیڈمنٹن، تاکہ وہ منشیات سے دور رہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ والدین اور شہریوں سے درخواست ہے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے منشیات فروشوں کی نشاندہی کریں، اور یقین دلایا کہ نشاندہی کرنے والے افراد کے نام کو صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

سماجی حلقوں کی جانب سے سہیل اشرف کی منشیات فروشوں کے خلاف بھرپور کارروائیوں پر ان کی زبردست تعریف کی جا رہی ہے۔ ایس ایچ او کی کوششوں کی بدولت حافظ آباد میں منشیات کے خلاف شعور اور پولیس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے، جس سے شہر میں امن و امان کی فضا مزید مستحکم ہوئی ہے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی موثر کارروائیاں، مختلف جرائم کے ملزمان گرفتار

مزید خبریں