بدھ,  11 دسمبر 2024ء
راولپنڈی پولیس کا جرائم پیشہ افراد کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری، درجنوں ملزمان گرفتار

راولپنڈی (کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف بڑی کارروائیاں کیں، جس کے نتیجے میں متعدد ملزمان گرفتار کیے گئے اور مختلف نوعیت کے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔

ٹیکسلا میں کار چوری کے دوران فائرنگ، ایک ملزم ہلاک

ٹیکسلا کے علاقے میں کار چوری کر کے فرار ہونے والے ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک ہو گیا۔ پولیس نے چوری کی گئی گاڑی اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ ہلاک ملزم کی شناخت نسیم خان کے نام سے ہوئی، جو قتل، ڈکیتی اور کار چوری کے متعدد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ پولیس نے فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن کیا۔

منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن، 11 ملزمان گرفتار

سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11 ملزمان کو گرفتار کیا اور 11 کلو سے زائد چرس برآمد کی۔ مختلف پولیس اسٹیشنز کی کارروائیوں میں ملزمان سے چرس کی بڑی مقدار برآمد ہوئی ہے۔

ڈکیتی گینگ کا خاتمہ، 2 ملزمان گرفتار

رتہ امرال پولیس نے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گینگ کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے چھینی گئی 22 ہزار روپے کی رقم بھی برآمد ہوئی۔ پولیس نے ان ملزمان کے دیگر وارداتوں کے انکشاف کی توقع ظاہر کی ہے۔

بائیک لفٹر گرفتار، مسروقہ موٹرسائیکل برآمد

صدر واہ پولیس نے بائیک لفٹر احتشام کو گرفتار کیا اور اس سے 2 مسروقہ موٹر سائیکل برآمد کیں۔ ملزم احتشام اقدام قتل کے مقدمہ میں بھی اشتہاری تھا اور رواں سال سے پولیس کو مطلوب تھا۔

کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی، 13 ملزمان گرفتار

راولپنڈی پولیس نے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 13 ملزمان کو گرفتار کیا۔ یہ کارروائیاں راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں کی گئیں اور ان ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں جائیداد کے لالچ میں ماں کو قتل کرنے والا بیٹا گرفتار

کھلے عام پیٹرول فروخت کرنے والے 3 ملزمان گرفتار

واہ کینٹ پولیس نے کھلے عام پیٹرول فروخت کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے پیٹرول اور دیگر آلات برآمد کیے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائی، 7 ملزمان گرفتار

راولپنڈی پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف بھی بھرپور کارروائی کی اور 7 ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کیا۔

سی پی او سید خالد ہمدانی نے کہا کہ راولپنڈی پولیس جرائم کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کسی بھی کوشش سے گریز نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں