بدھ,  04 دسمبر 2024ء
جرائم پیشہ افراد کیخلاف راولپنڈی پولیس کی کارروائیاں ، متعدد ملزمان گرفتار

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز)راولپنڈی پولیس کی مسلسل اور مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں مختلف جرائم میں ملوث متعدد ملزمان گرفتار کرلیے گئے ہیں۔ پولیس نے ڈکیتی، منشیات فروشی، قمار بازی، ناجائز اسلحہ رکھنے اور دیگر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رکھی ہیں۔

ڈکیتی کے گینگ کی گرفتاری: ٹیکسلا پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران پانچ رکنی “ارباز گینگ” کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان ارباز، اسامہ، سالار، عمر اور فہد نے شہریوں سے موٹر سائیکلیں اور نقدی چھینی تھیں۔ پولیس نے ان سے 7 موٹر سائیکلیں، 2 موبائل فونز، 38 ہزار روپے نقدی اور اسلحہ برآمد کیا۔ یہ ملزمان بائیکیا بک کروا کر گن پوائنٹ پر شہریوں سے موٹر سائیکلیں اور نقدی چھین لیا کرتے تھے۔

منشیات سپلائرز کے خلاف کارروائیاں: راولپنڈی پولیس کی کارروائیوں میں منشیات فروشوں کے خلاف بھی سخت اقدامات کیے گئے۔ معزز عدالت نے منشیات سپلائرز عبداللہ اور حمزاللہ کو مجموعی طور پر 18 سال قید اور 2 لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنائیں۔ دونوں ملزمان کو پولیس نے چرس کی بڑی مقدار برآمد ہونے پر گرفتار کیا تھا۔

ریس کورس پولیس کی کامیاب کارروائی: ریس کورس پولیس نے 2 رکنی ڈکیتی گینگ کو گرفتار کیا، جن سے مسروقہ 1 لاکھ 58 ہزار روپے، ایک موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد ہوا۔ ملزمان آصف اور فیصل نے کئی وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔

جواء کھیلنے والے قمار بازوں کی گرفتاری: گوجرخان پولیس نے بٹیروں کی لڑائی پر جواء کھیلنے والے 7 قمار بازوں کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان سے 32 ہزار 720 روپے نقد اور 7 بٹیرے برآمد ہوئے۔

منشیات اور شراب فروشوں کے خلاف کارروائیاں: راولپنڈی پولیس نے منشیات اور شراب فروشی کے خلاف متعدد کارروائیاں کیں۔ بنی پولیس نے سیف اللہ سے 1 کلو 100 گرام چرس، مندرہ پولیس نے ابرار سے 1 کلو 140 گرام چرس اور گنجمنڈی پولیس نے عرفان سے 10 لیٹر شراب برآمد کی۔ اس کے علاوہ، ٹیکسلا اور دھمیال پولیس نے بھی شراب کی بڑی مقدار برآمد کی۔

ناجائز اسلحہ رکھنے والے ملزمان کی گرفتاری: پیرودہائی، صادق آباد، ریس کورس اور صدر واہ پولیس نے ناجائز اسلحہ رکھنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ملزمان سے پستول اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔

ایس پی پوٹھوہار کی ٹیم کو شاباش: ایس پی پوٹھوہار ناصر نواز نے ان کامیاب کارروائیوں پر متعلقہ پولیس اہلکاروں کو شاباش دی اور کہا کہ جرائم کے خلاف ان کی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی مزید 6 مقدمات میں گرفتاری ڈال دی گئی

مزید خبریں