جمعرات,  14 نومبر 2024ء
سارہ شریف کے والد نے بیٹی کو بلے سے پیٹ کر قتل کرنے کا اعتراف کرلیا

لندن(تسنیم شہزاد ملک سے) لندن کے علاقے اولڈ بیلی میں قتل ہونے والی 10 سالہ سارہ شریف کے والد عرفان شریف نے اپنی بیٹی کی موت کی ’مکمل ذمہ داری‘ قبول کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس نے سارہ کو کرکٹ بیٹ سے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے موت واقع ہوئی۔

رپورٹ کے مطابق عرفان شریف نے اپنی 10 سالہ بیٹی کے ساتھ وحشیانہ سلوک کی تفصیل بتاتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس نے سارہ کو کرکٹ بیٹ اور اسٹیل کے پائپ سے پیٹا، جس کے نتیجے میں 8 اگست 2023 کو اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔

ملزم نے اعتراف کیا کہ اس نے کئی ہفتوں تک سارہ کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا تھا اور ’ہاں، وہ میری وجہ سے مرگئی‘۔

42 سالہ عرفان شریف، ان کی اہلیہ 30 سالہ بینش بتول اور ان کے 29 سالہ بھائی فیصل ملک پر استغاثہ کی جانب سے ’تشدد اور بدسلوکی‘ سے متعلق الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

سارہ کی موت کے فورا بعد یہ تینوں پاکستان فرار ہو گئے تھے اور بعد میں عرفان شریف نے برطانوی پولیس کو فون کرکے اعتراف کیا تھا کہ انہوں نے سارہ کو بہت مارا پیٹا تھا۔

واضح رہے کہ سارہ شریف کی لاش گزشتہ سال 10 اگست کو برطانیہ میں ووکنگ کے علاقے میں ایک گھر سے ملی تھی، پاکستان فرار ہونے والے تینوں ملزمان پولیس کو مطلوب تھے۔

تینوں ملزمان کو پاکستان میں ایک ماہ گزارنے کے بعد دبئی کی پرواز سے اترتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔

سارہ شریف کے قتل میں ملوث ان کے والد، سوتیلی ماں اور چچا کو دبئی سے گرفتار کرنے کے بعد برطانیہ کی عدالت میں پیش کیا گیا تھا، جن کو عدالت نے ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

استغاثہ کے مطابق پولیس جب موقع پر پہنچی تو اس وقت سارہ کی لاش کے آگے عرفان شریف کا لکھا ہوا ایک خط بھی موجود تھا جس میں انہوں نے قتل کا اعتراف کیا۔

نوٹ میں لکھا تھا ’میں عرفان شریف ہوں جس نے اپنی بیٹی کو مار مار کر قتل کیا، میں قسم کھا کر کہتا ہوں کہ میرا ارادہ اسے قتل کرنے کا نہیں تھا لیکن میں نے اسے کھو دیا‘۔

خط میں انہوں نے خوف کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ڈر کر بھاگ رہے ہیں لیکن وہ جانتے ہیں کہ انہیں نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

عرفان شریف نے خط میں مزید لکھا ’آئی لو یو سارہ‘۔ انہوں نے خط میں درخواست کی ’میری بیٹی مسلمان ہے، کیا تم اسے دفن کرسکتے ہو، جیسے کہ مسلمان کو کیا جاتا ہے، میں پوسٹ مارٹم مکمل کرنے سے پہلے واپس آ جاؤں گا‘۔

عدالت میں پیش کی جانے والی میڈیکل رپورٹ میں چونکا دینے والے انکشافات سامنے آئے جس میں بتایا گیا کہ 10 سالہ سارہ شریف کے جسم پر 70 سے زائد زخم پائے گئے تھے۔

محکمہ قانون نے انکشاف کیا کہ 10 اگست 2023 کو ووکنگ سرے میں آبائی گھر سے ملنے والی سارہ کی لاش پر اندرونی اور بیرونی دونوں طرح کی چوٹیں موجود تھیں۔

پیتھالوجسٹ ڈاکٹر نیتھانیل کیری نے بتایا کہ بچی کے جسم پر گہرے زخم، جلنے، رگڑ اور خراشوں کے علاوہ انسانی کاٹنے کے نشانات پائے گئے تھے جبکہ اسے گرم پانی اور استری سے بھی جلایا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: لندن میں خواجہ آصف کو گالیاں اور چاقو حملےکی دھمکیاں

مزید خبریں