اتوار,  01 دسمبر 2024ء
پاکستان پوسٹ میلوڈی جی پی او 9لاکھ 33ہزار کرپشن کا انکشاف

اسلام آباد(راجہ اسرار حسین سے)پاکستان پوسٹ کے ماتحت اسلام آباد سرکل میں میلوڈی جی پی او کی صرف تین ماہ کی انکوائری کے دوران کھڑی گاڑیوں کی مرمت و پیٹرول بلنگ کی مد میں 9لاکھ 33ہزار کی خرد برد کرکے انکوائری دبانے کا انکشاف ہوا ہے جبکہ چیف پوسٹ ماسٹر سمعیہ احمرین کی تین سالہ تعیناتی کے دورانیہ کی انکوائری کرنے کے بجائے صرف تین ماہ کے دورانیہ کی انکوائری کرکے کروڑوں کی خرد برد پر مخصوص عزائم کی تکمیل کے لیے پردہ ڈال دیا گیا ہے اور اب ایڈمنسٹریٹر سرپرست بااثر خاتون افسر سمعیہ احمرین اپنی پروموشن کے لیے دباؤ ڈال کر یہ خرد برد ماتحت کلرک کے ذمہ ڈالنے کے لیے متحرک ہو چکی ہیں،اسلام آباد سرکل آفس کے انکوائری پر عملدرآمد بارے متعدد ریمائنڈرز کے باوجود میلوڈی جی پی او نے جواب دینے کے بجائے مجرمانہ چشم پوشی اختیار کر رکھی ہے۔دستیاب دستاویزات کے مطابق پاکستان پوسٹ کے اسلام آباد سرکل نے میلوڈی جی پی او کی پی او ایل بلنگ کی انکوائری کے لیے لیٹر نمبر Malls-A/1-38/2024 مورخہ 21 اپریل2024 اسسٹنٹ پوسٹ ماسٹر جنرل زرغام جبوانہ نے جاری کیا جس میں کہا گیا ہے کہ دسمبر 2023 سے لے کر جنوری 2024 تک پی او ایل بلنگ کی انکوائری کی جائے اسسٹنٹ پوسٹ ماسٹر جنرل نے پوسٹ ماسٹر جنرل اسلام آباد سرکل خرم غزنوی کے احکامات پر اس حوالے سے انکوائری 23اپریل 2024 شروع کی اور متعلقہ سٹاف سے ریکارڈ طلب کیا انکوائری کے دوران ریکارڈ کی چھان بین سے صرف تین ماہ میں میلوڈی جی پی او کے باہر ناقابل استعمال کھڑی چار گاڑیوں کی بلنگ میں 9لاکھ 33ہزار کی خرد برد سامنے آئی انکوائری افسر نے ملوث کرداروں کے خلاف کاروائی و ریکوری کی سفارشات کی تھیں۔اس ضمن میں رابط کرنے پر انکوائری افسر زرغام جبوانہ نے خرد برد کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تین ماہ کا ریکارڈ چیک کرنے پر 9لاکھ 33 ہزار کی خرد برد سامنے آئی ہے ملوث کرداروں کو سزا دینے کے لیے سفارشات میلوڈی جی پی او کو بھیج دی ہیں۔ذرائع کے مطابق میلوڈی جی پی او کی چیف پوسٹ ماسٹر سمعیہ احمرین کے تین سالہ تعیناتی کے دورانیہ میں مذکورہ کھڑی چار گاڑیوں کی پی او ایل بلنگ میں خرد برد ہوتی رہی جس کا تین سالہ آڈٹ کیا جاتا تو کروڑوں روپے کی خرد برد سامنے آسکتی تھی لیکن بااثر خاتون افسر سمعیہ احمرین نے انکوائری کے دورانیہ کو صرف تین ماہ تک محدود رکھنے میں کامیاب ہو گئی جس سے کروڑوں روپے کی کرپشن پر پردہ ڈال دیا گیا حیران کن امر یہ بھی ہے کہ انکوائری ہوئے اور میلوڈی جی پی او کو کاروائی کرنے کی سفارشات بھیجے 6 ماہ گزر گئے لیکن میلوڈی جی پی او انتظامیہ نے تاحال کوئی کاروائی نہیں کی اور انکوائری رپورٹ دبائے بیٹھے ہیں کیونکہ خاتون افسر کی پروموشن ہونے والی ہے تاکہ کوئی رکاوٹ نہ بن جائے بااثر خاتون افسر سمعیہ احمرین طویل چھٹیاں لینے کے باوجود بھی میلوڈی جی پی او میں اپنے کار خاص کارندوں کے زریعے اثر انداز ہو رہی ہیں اور معاملہ سٹاک کلرک کے ذمہ تھوپنے کی مبینہ منصوبہ بندی کر رہی ہیں تاکہ انکوائری رپورٹ ان کی محکمانہ پروموشن میں رکاوٹ نہ بن سکے حالانکہ اسلام آباد سرکل کے پی ایم جی نے انکوائری پر عملدرآمد کے لیے متعدد ریمائنڈرز بھیجے لیکن بااثر خاتون کے دبکے کی وجہ سے میلوڈی جی پی او نے کوئی جواب تک نہ بھیجا اس بااثر خاتون افسر کی تعیناتی کے دوران میلوڈی جی پی او سے پارسل کے ذریعے بیرون ممالک منشیات بھیجنے کے واقعات کے مقدمات بھی درج ہو چکے ہیں لیکن جی پی او میں موجود اس دھندے میں ملوث کرداروں کے خلاف کاروائی کرنے کے بجائے خاتون افسر بچانے کے لیے متحرک رہی۔اس ضمن میں اسلام آباد سرکل کے پوسٹ ماسٹر جنرل خرم غزنوی سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ میں ایک دن بعد ریٹائرڈ ہو رہا ہوں نئے آنے والے پی ایم جی مزید کاروائی کریں گے۔

مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی بڑی کامیابیاں، مختلف جرائم پیشہ افراد گرفتار

مزید خبریں