پیر,  07 اکتوبر 2024ء
اسلام آباد:کارسوار ملزمان کی ڈولفن اہلکاروں پر فائرنگ ، ایک اہلکار شدید زخمی

اسلام آباد (راجہ اسرار حسین ) اسلام آباد کے علاقے سیکٹر ای الیون میں ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل۔

تفصیلات کے مطابق ڈولفن اہلکاروں نے مشکوک گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیاجس کے نتیجے میں کارسوار ملزمان نے ڈولفن اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ملزمان کی فائرنگ سے ڈولفن اہلکار کو دو گولیاں لگی،ڈولفن اہلکار کو ایک گولی پسلی اور دوسری گولی ٹانگ پر لگی۔زخمی اہلکار کو شدید زخمی حالت میں پمز منتقل کر دیا گیا،زخمی اہلکار کی شناخت تنویر کے نام سے ہوئی۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان میں فائرنگ سے محسن داوڑ زخمی، دیکھیں تفصیل

دوسری جانب ملزمان فائرنگ کے بعد باآسانی فرار ہوگئے، شالیمار پولیس کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے میں ناکہ بندی کر دی گئی ہے۔

وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف الیون اور ای الیون میں پولیس کے گھیرے سے فائرنگ کرنے والے نامعلوم کار سوار ایک اہلکار کو زخمی کرکے فرار ہو گئے تاحال سیف سٹی کیمرے بھی کارگر ثابت نہیں ہوئے تاہم آئی جی نے جلد ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ۔

پولیس کے سینئر افسران موقع پر موجود ہیں۔ڈولفن اہلکار فائرنگ کی اطلاع پر ای الیون پہنچے تو گاڑی سے ملزمان نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔پولیس نے گاڑی کو تلاش کرکے قبضے میں لیا ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔

آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔

مزید خبریں